صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو سدابہار اور تزویراتی شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جس کی جڑیں عوام میں پیوست ہیں اور اسے عوامی و ادارہ جاتی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری کا چین میں بڑا اقدام: زرعی عمل کاری اور جدید صنعت میں پاک چین تعاون کو نئی سمت دینے کا فیصلہ
ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ سے ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
ملاقات میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر مملکت نے صوبہ ہائینان کی حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیے: صدر زرداری کی مسجد اقصیٰ پر یلغار کی مذمت، حیثیت تبدیلی کی کوشش اشتعال انگیزی قرار
انہوں نے کہا کہ ہائینان صوبہ عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے، جبکہ سیاحت، ہائی ٹیک صنعت اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدرِ مملکت نے ہائینان کے کاروباری اداروں اور پاکستان کے برآمدی صنعتی شعبوں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے درمیان روابط دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
’ایشیائی بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے‘
صدر آصف علی زرداری نے سانیا میں چھٹے ایشیائی بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے بندرگاہوں کی ترقی، سیڈ ٹیکنالوجی اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: 2مختلف آپریشنز میں بھارت نواز 13 دہشتگرد ہلاک، کامیاب کارروائی پر صدر زرداری کا خراج تحسین
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا تعلق 3 نسلوں پر محیط ہے جو سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید سے لے کر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری تک جاری ہے۔
اس موقعے پر پارٹی سیکریٹری فینگ فئی نے صدرِ مملکت اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد کو ہائینان کی فری ٹریڈ پورٹ کے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری میں بڑھتے ہوئے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایوانِ صدر میں سفارتی تقریب، 6 ممالک کے سفیروں نے صدر زرداری کو اپنی اسناد پیش کیں
بعد ازاں ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ کی جانب سے صدرِ مملکت کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔













