اسلام آباد میں جاپان کے سفارت خانے کی جانب سے ’ریڈ جاپان پروجیکٹ‘ کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو 168 انگریزی زبان کی کتابیں عطیہ کر دی گئیں جبکہ جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کا بھی افتتاح کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان کی پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے کے لیے نئی کاوشیں، 4 لاکھ ڈالر فراہم کردیے
یہ تقریب 12 مئی 2026 کو منعقد ہوئی جہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر آکامَاتسو شوئیچی نے کتابوں کا مجموعہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے حوالے کیا۔
کتابوں کے اس ذخیرے میں جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سلامتی، بین الاقوامی تعلقات، فلسفہ، ادب، زبان اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔
’ریڈ جاپان پروجیکٹ‘ کا آغاز نِپّون فاؤنڈیشن نے 2008 میں کیا تھا، جس کا مقصد ادب کے ذریعے دنیا بھر میں جاپان کے بارے میں آگاہی اور فہم کو فروغ دینا ہے۔
اسی روز جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کا بھی افتتاح کیا گیا جس کا مقصد جاپانی زبان، ثقافتی و تعلیمی تبادلوں، روزگار کے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے بھی خصوصی شرکت کی۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد: جاپان کے سفارتخانے میں جاپانی فلم کی خصوصی نمائش، فلم بینوں کی بڑی تعداد شریک
جاپانی سفیر آکامَاتسو شوئیچی نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتابیں علم کے وہ پل ہیں جو آپ کو جاپان کی بھرپور ثقافت اور سوچ کو سمجھنے کا موقع دیتے ہیں اور پاکستان میں نئی سوچ اور جدت کی ترغیب بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کو تعلیم، روزگار اور کاروبار کے شعبوں میں پاکستان اور جاپان کے تعلقات مضبوط بنانے کی اہم پیشرفت قرار دیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نِپّون فاؤنڈیشن اور جاپانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتابیں طلبہ کو جاپان کے بارے میں جاننے اور دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے میں مدد دیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے ذریعے باصلاحیت طلبہ تیار کیے جائیں گے اور پاکستان و جاپان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دے گا۔














