ایران امریکا معاہدے کے امکانات روشن: پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کردیں اور مثبت اشارے ملے ہیں، مارکو روبیو

جمعرات 21 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کہنا ہے کہ بطور ثالث پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کچھ مثبت اشارے سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امن مذاکرات میں پیشرفت: ایران نے امریکا کے لیے نیا پروپوزل پاکستان کے حوالے کردیا

مارکو روبیو نے سوئیڈن روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی وفد بھی آج تہران جا رہا ہے اور امید ہے کہ یہ سفارتی کوششیں معاہدے کی جانب پیشرفت میں مددگار ثابت ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کچھ پیشرفت ہوئی ہے اور بات چیت میں مثبت اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اولین ترجیح ہمیشہ ایک بہتر اور مؤثر معاہدہ رہی ہے۔ ان کے بقول اگر ایک اچھی ڈیل ہو جاتی ہے تو یہ بہترین پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ آگے کیا ہوگا لیکن پوری کوشش یہی ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے ایک مثبت نتیجے تک پہنچا جائے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ شروع سے ہی مذاکرات، معاہدے اور سفارتی حل کو ترجیح دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ کچھ حوصلہ افزا اشارے سامنے آئے ہیں تاہم وہ اس مرحلے پر حد سے زیادہ پرامید نہیں ہو سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ سفارتی حل کے لیے تیار ہے تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیح ایک اچھا معاہدہ ہے۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد امن مذاکرات نے پاکستان کو عروج بخشا، اگلا مرحلہ جلد منعقد ہوگا، عظمیٰ بخاری

مارکو روبیو نے تصدیق کی کہ پاکستانی حکام تہران جا رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ اس سے سفارتی پیشرفت میں مدد ملے گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لیے مذاکراتی عمل میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے۔

مارکو روبیو نیٹو اجلاس میں فوجی تعیناتی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز میں ٹول سسٹم نافذ کرتا ہے تو اس سے ممکنہ سفارتی معاہدہ ناقابل عمل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے ایرانی بحری نگرانی میں گزرے جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث 94 تجارتی جہازوں کا رخ ایرانی بندرگاہوں سے موڑ دیا گیا اور 4 جہاز غیر فعال ہوئے۔

مزید پڑھیں: کیا اسلام آباد ایک بار پھر ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا مرکز بن سکتا ہے؟

ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک انتظامی زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت اس علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو ایرانی حکام سے اجازت اور رابطہ کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بدھ کے روز کہا کہ امریکا ایران کے جواب کے لیے چند دن انتظار کرنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی منطقی لوگ ہیں لیکن اگر ہمیں درست جواب نہ ملا تو معاملات بہت تیزی سے آگے بڑھیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل پر پابندیوں میں نرمی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی رعایت اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک ایران معاہدے پر دستخط نہیں کرتا۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران کو ثالثوں کے ذریعے امریکا کی نئی تجویز موصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے اگرچہ واشنگٹن کے عزائم پر اسے اب بھی شکوک موجود ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہماری جانب سے سفارتکاری کے تمام راستے کھلے ہیں اور باہمی احترام پر مبنی سفارتکاری جنگ سے کہیں زیادہ دانشمندانہ اور پائیدار راستہ ہے۔

دوسری جانب روس اور چین نے بھی ایران بحران کے حل کے لیے سفارتی راستہ اپنانے پر زور دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ ایران کے جوہری ذخائر کے مستقبل کا فیصلہ صرف ایران کو کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کو اسلام آباد میں اہم امن مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

چین نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف رواں ماہ بیجنگ کا دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ پاکستان کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی جلد بحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کنگ چارلس سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے فلاحی سرگرمیوں پر میرا شکریہ ادا کیا، ماہرہ خان

پاک افغان سرحدی علاقوں میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک

لاہور چرس برآمدگی کیس: مجرم کی 11 سالہ سزا مکمل، عمر قید کے مساوی قرار

17 سال تک ایئر کینیڈا کی سینکڑوں پروازیں اڑانے والے پائلٹ کا لائسنس جعلی نکلا

صحافی اغوا کیس: امریکی عدالت نے اہم طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا سنادی

ویڈیو

بجٹ 27-2026، کم از کم تنخواہ کتنی ہونی چاہیے؟ اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

ایران امریکا ثالثی کے بعد بیرونی قوتیں پاکستان میں عدم استحکام کی کوششیں کررہی ہیں: سفارتکار ضمیر اکرم

پاکستان کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا اور اپنی ماں اور نانا کی طرح ملک کی خدمت کرے گا، سینیٹر پیپلزپارٹی شہادت اعوان

کالم / تجزیہ

’سعودی عرب پاکستان کی ریڈ لائن ہے‘

چاچا کرکٹ صرف تماشائی نہیں تھا

میں انس عبیداللہ عابد کے جنازے میں کیوں نہیں گیا؟