سام سنگ نے اپنے آئندہ فولڈیبل اسمارٹ فون Galaxy Z Fold 8 کی تشہیری مہم کا آغاز منفرد انداز میں کرتے ہوئے نئے ڈیزائن کے اشارے دینا شروع کر دیے ہیں، جبکہ کیمرے اور دیگر فیچرز سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔
پیر کی شب سام سنگ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹس @SamsungMobile اور @SamsungMobileUSA سے تمام پوسٹس ہٹا دیں، جس سے صارفین میں تجسس کی لہر دوڑ گئی۔ ابتدائی طور پر بعض صارفین نے اسے تکنیکی خرابی یا ہیکنگ کا نتیجہ سمجھا تاہم جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ کمپنی کی نئی مارکیٹنگ حکمت عملی کا حصہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے نئے فولڈ ایبل فون کی جھلک دکھا دی، ڈیزائن میں بڑی تبدیلی
اگلے ہی روز سام سنگ نے خالی گرڈ پر صرف چھ نئی پوسٹس شیئر کیں، جو مل کر “New shape. New joy” (نئی شکل، نئی خوشی) کا پیغام دیتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پیغام اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ کمپنی اپنی فولڈیبل سیریز کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرانے جا رہی ہے۔
View this post on Instagram
سام سنگ کی جانب سے جاری مختصر ویڈیوز میں روزمرہ اشیا کو نئی شکلوں میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ ان کے کیپشن بھی اسی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہیں۔ اگرچہ کمپنی نے کسی بھی ڈیوائس کا نام نہیں لیا تاہم ٹیکنالوجی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ مہم براہِ راست Galaxy Z Fold 8 سے متعلق ہے۔
ویڈیوز کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر محسوس ہوتا ہے کہ نئے فولڈیبل فون کا ڈیزائن موجودہ Galaxy Z Fold 7 کے مقابلے میں نسبتاً چوڑا اور کم لمبا ہوگا۔ یہ تاثر حالیہ لیکس سے بھی مطابقت رکھتا ہے، جن میں Galaxy Z Fold 8 کے نئے فارم فیکٹر اور ممکنہ Ultra ماڈل کا ذکر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ ون یو آئی 9 بیٹا: دوسرے مرحلے کا آغاز 26 مئی سے ہوگا
تشہیری مہم میں شامل ایک ویڈیو، جس کا عنوان “Bold Stroke. New Shape” ہے، خصوصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس میں جامنی، گلابی اور سنہری رنگ نمایاں کیے گئے ہیں جبکہ اختتام پر دکھایا گیا گرافک مبینہ طور پر لیک ہونے والے Galaxy Z Fold 8 کے وال پیپر سے مشابہت رکھتا ہے جس میں نمایاں طور پر ہندسہ 8 بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ سام سنگ نے ابھی تک کیمرے کی خصوصیات سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم مختلف لیکس کے مطابق کمپنی Galaxy Z Fold 8 Ultra اور Galaxy Z Fold 8 Wide کے نام سے دو الگ ماڈلز متعارف کرا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے گلیکسی ایس 25 کا اسٹیل ورژن متعارف کروا دیا
رپورٹس کے مطابق Ultra ماڈل تقریباً 4.1 ملی میٹر موٹائی، 5,000mAh بیٹری، 45 واٹ فاسٹ چارجنگ اور تقریباً 215 گرام وزن کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، جبکہ Wide ماڈل نسبتاً ہلکا ہوگا اور اس میں 4,800mAh بیٹری، 5.4 انچ بیرونی ڈسپلے اور زیادہ چوڑا 4:3 اسپیکٹ ریشو دیا جا سکتا ہے تاکہ بند حالت میں بھی فون کا استعمال روایتی اسمارٹ فون جیسا محسوس ہو۔
ذرائع کے مطابق دونوں ماڈلز کی اندرونی اسکرین کی ساخت بھی مختلف ہو سکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ Wide ماڈل میں نسبتاً موٹی Ultra-Thin Glass (UTG) استعمال کی جائے گی، جس سے اسکرین پر بننے والی فولڈنگ لائن (Crease) مزید کم نمایاں ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اجازت کے بغیر میری تصویر کیوں استعمال کی؟ اداکارہ کا سام سنگ کیخلاف 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ
اس بار سام سنگ نے روایتی “Unpacked Coming Soon” مہم کے بجائے سوشل میڈیا پر مرحلہ وار اشارے دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ صارفین کی دلچسپی برقرار رکھی جا سکے اور باضابطہ لانچ سے قبل آن لائن سرگرمی میں اضافہ ہو۔
اگرچہ کمپنی نے ابھی تک لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم صنعتی ذرائع کے مطابق Galaxy Z Fold 8 سیریز کی رونمائی 22 جولائی کو متوقع ہے۔














