وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار تک پہنچ گئی، امدادی کارروائیاں اختتامی مرحلے میں داخل

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر قریباً 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا آپریشن بتدریج سمیٹنا شروع کردیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید 300 سے زیادہ افراد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی اموات 2 ہزار 954 تک پہنچ گئی ہیں۔ اس قدرتی آفت کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور سڑکوں یا عارضی امدادی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں: وینزویلا زلزلہ: ہلاکتیں 2,595 تک پہنچ گئیں، تعمیرِ نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم

دوسری جانب اب بھی ہزاروں افراد لاپتا ہیں۔ وینزویلا کی حکومت نے لاپتا افراد کی کوئی سرکاری تعداد جاری نہیں کی، تاہم اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ 7.2 اور 7.5 شدت کے 2 زلزلوں کے بعد قریباً 50 ہزار افراد کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

لاطینی امریکا کی حالیہ تاریخ کی بدترین زلزلہ آفات میں شمار ہونے والی اس تباہی نے دارالحکومت کراکس کے شمال میں واقع ساحلی علاقے لا گوائیرا کو سب سے زیادہ متاثر کیا، جہاں متعدد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہوگئیں۔

دونوں زلزلے محض 38 سیکنڈ کے وقفے سے آئے تھے۔ سانحے کے 10 روز گزرنے کے بعد امدادی ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا مرحلہ ختم کرنے کی جانب بڑھ رہی ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان اب بھی اپنے پیاروں کی لاشیں ملبے سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ماہرین کے مطابق زلزلے جیسی آفات میں زندہ افراد کو نکالنے کا سب سے اہم وقت ابتدائی 72 گھنٹے ہوتے ہیں، اگرچہ اس ہفتے بھی چند افراد کو ملبے سے زندہ نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

امدادی سرگرمیوں کے اختتام کے اشارے کے طور پر قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے مختلف ممالک سے آنے والی امدادی ٹیموں اور ان کے ریسکیو کتوں کو اعزازی تمغے دینے کی تقریب منعقد کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وینزویلا اس وقت گہرے قومی غم سے گزر رہا ہے۔ کئی خاندان اب بھی اپنے پیاروں کے زندہ ملنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں، جبکہ بے شمار افراد ایک ہی لمحے میں اپنا سب کچھ کھو چکے ہیں۔

امریکی اور جنوبی امریکی ممالک سمیت مختلف بین الاقوامی امدادی ٹیموں نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی ریسکیو کارروائیاں مکمل کر کے واپس جانے کی تیاری کررہی ہیں۔

لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ کی ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ حالیہ تلاش کے دوران زندگی کے کوئی آثار نہیں ملے، جس کے بعد آپریشن ختم کیا جا رہا ہے، جبکہ فلوریڈا اور ورجینیا سے آنے والی ٹیمیں بھی واپسی کی تیاری کر رہی ہیں۔

متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد نے حکومت پر آفت سے نمٹنے میں سستی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی کئی گھنٹوں تک خاندانوں نے اپنے پیاروں کو ملبے سے نکالنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں جاری رکھیں اور بین الاقوامی امدادی ٹیموں کی آمد تک انہیں خاطر خواہ سرکاری مدد میسر نہیں تھی۔

تاہم قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے حکومتی اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ سانحے کے فوراً بعد ہزاروں فوجیوں، امدادی اہلکاروں اور سرکاری افسران کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیا گیا تھا۔

ادھر لا گوائیرا میں بھاری مشینری کے ذریعے مکمل طور پر تباہ شدہ عمارتوں کو منہدم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر متاثرہ خاندان اب بھی اپنے عزیزوں کی لاشیں ملبے سے نکال کر تدفین کے لیے منتقل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھیں: وینزویلا : 140 ٹن ملبے کے نیچے دبا ہوا سیکیورٹی گارڈ 8دن بعد زندہ نکل آیا

ایک رضاکار نے بتایا کہ امدادی کام اب بھی جاری ہے اور لاشوں کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 2 لاشیں نکال کر اہل خانہ کے حوالے کی جا چکی ہیں۔

معاشی نقصانات بھی اربوں ڈالر تک پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے مطابق دوہرے زلزلوں کے نتیجے میں وینزویلا کو تقریباً 6.7 ارب ڈالر کا براہِ راست مالی نقصان پہنچا ہے، جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے قریباً 6 فیصد کے برابر ہے۔

تیل پیدا کرنے والا ملک وینزویلا اس سانحے سے پہلے بھی کئی دہائیوں سے معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام اور کمزور بنیادی ڈھانچے کے مسائل سے دوچار تھا، جس کے باعث صحت اور دیگر بنیادی خدمات پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

موجودہ نظام کہیں نہیں جا رہا، بطور وزیراعظم شہباز شریف کا ملک میں کوئی نعم البدل نہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

صدر مملکت آصف زرداری سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات

وزیر خارجہ اسحاق ڈار لندن پہنچ گئے، برطانوی وزیر خارجہ سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں متوقع

جاپانی کورٹس میں پاکستانی شاہینوں کا راج، 37 ویں جونیئر اوپن سکواش میں 2 گولڈ میڈلز پاکستان کے نام

کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ پاکستان میں، 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان

ویڈیو

ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا متبادل تیار، چینی سائنسدانوں کا کرشماتی علاج، 90 فیصد ہارٹ فیلیئر مریض صحتیاب

ٹیک ٹائکون زکربرگ نے تاریخی آئرش قلعہ خرید لیا، حقیقت اور قیمت جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

چینی روبوٹس نے دوڑ کاعالمی ریکارڈ تو توڑ دیا، لیکن اصل امتحان اب شروع ہوگا!

کالم / تجزیہ

گر آنکھ چھلک پڑے تو …… معاف کرنا

سفید جادو، مثبت اور مددگار

عینی آپا ’آگ کا دریا‘ پار کیوں نہ کرسکیں؟