30 ارب ڈالر کی میگا ڈیل، کیا ایپل اپنی مینوفیکچرنگ چین سے امریکا منتقل کر رہا ہے؟

جمعرات 9 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے امریکی چپ ساز کمپنی براڈکام کے ساتھ 30 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ایک کثیر سالہ معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکا میں جدید چپس کی ڈیزائننگ اور تیاری کی جائے گی۔

ایپل کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں 15 ارب سے زائد چپس امریکا میں تیار کی جائیں گی۔ یہ معاہدہ کمپنی کے اس بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ایپل آئندہ 4 برسوں کے دوران امریکی معیشت میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کے فولڈایبل فون کے حصول کے لیے صارفین کو کتنا انتظار کرنا پڑسکتا ہے؟

ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کُک نے کہا کہ کولوراڈو کے شہر فورٹ کولنز میں تیار کیے جانے والے جدید اجزا کمپنی کی مصنوعات کی کارکردگی اور کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس اقدام کی حمایت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب براڈکام کے چیف ایگزیکٹو ہاک ٹین نے کہا کہ اس معاہدے سے کمپنی کو امریکی ریاست کولوراڈو میں اپنی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو مزید وسعت دینے کا موقع ملے گا جہاں جدید ٹیکنالوجی تیار کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کے آئی فون 18 اور آئی فون 18ای  کے ماڈلز میں 9جی بی ریم شامل کیے جانے کا امکان

یہ معاہدہ ایپل کے ’امریکن مینوفیکچرنگ پروگرام‘ کے تحت اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد امریکا میں مقامی پیداوار کو فروغ دینا اور چپس کی مکمل سپلائی چین کو ملک کے اندر مضبوط بنانا ہے۔

ایپل کو گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنی پیداواری سرگرمیوں کے لیے چین پر انحصار کے باعث تنقید اور سیاسی دباؤ کا سامنا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق براڈکام کے ساتھ یہ نیا معاہدہ امریکا میں ایپل کی سرمایہ کاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل 2027 میں آئی فون کے 3 نئے ماڈلز متعارف کرائے گا، لانچ حکمت عملی میں بڑی تبدیلی

واضح رہے کہ ایپل گزشتہ ایک دہائی سے آئی فون، میک بک اور دیگر مصنوعات کے لیے اپنی تیار کردہ چپس استعمال کر رہا ہے، تاہم ان چپس کی تیاری اب بھی بڑی حد تک کنٹریکٹ مینوفیکچررز، خصوصاً تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی (TSMC)، کے ذریعے کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp