‘صوبائی حکومت کے وعدوں سے اعتبار اٹھ گیا’، پاکستان کے آخری گاؤں بروغل میں سڑک کے لیے لانگ مارچ شروع

جمعرات 23 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں پاکستان کے آخری سرحدی گاؤں بروغل سے سڑک کی تعمیر کے مطالبے کے لیے ایک بڑے غیر سیاسی لانگ مارچ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو 200 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرکے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی پہنچے گا، جہاں خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف دھرنا دیا جائے گا۔

واخان کوریڈور سے متصل علاقے بروغل کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بارہا وعدوں کے باوجود مستوج تا بروغل سڑک کی تعمیر کا منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کر سکا، جس کے خلاف عوام نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی تحریک شروع کر دی ہے۔

مظاہرین کے مطابق لانگ مارچ میں شریک افراد 200 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی پہنچیں گے، جہاں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:50 سال سے متروک ٹریکنگ روٹ کے احیا کے لیے چترال سے گلگت کا پیدل سفر

مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں مارچ میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ راستے میں مختلف مقامات پر شرکا کا استقبال بھی کیا جا رہا ہے۔

مقامی رہائشی محمد وزیر روڈ تحریک کے صدر ہیں اور لانگ مارچ کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس حوالے سے پہلے گاؤں گاؤں جا کر لوگوں سے رائے لی گئی کہ آیا وہ سڑک کے لیے احتجاج کریں گے یا نہیں۔

اس کے بعد سب لوگ غیر سیاسی بنیادوں پر ایک نکاتی ایجنڈے، یعنی سڑک کی تعمیر، پر متفق ہو گئے اور پھر باقاعدہ لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کا آغاز بروغل کے آخری مقام سے کیا گیا، جہاں آج بھی بعض علاقوں تک پہنچنے کے لیے گھوڑوں اور گدھوں پر سوار ہو کر جانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ مکمل طور پر غیر سیاسی تحریک ہے جس کا مقصد صرف اور صرف مستوج تا بروغل سڑک کی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔‘

ان کے مطابق سڑک کی خستہ حالی نے علاقے کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور آئے روز حادثات کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔

محمد وزیر نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کے دورِ حکومت میں ان کا ایک وفد، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی سربراہی میں، ان سے ملا تھا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے فنڈز سے سڑک تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور پہلے مرحلے میں 20 کلومیٹر سڑک کو بجٹ میں شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 20 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا وعدہ پورا نہ ہو سکا، تاہم اسی منصوبے کے سروے اور ڈیزائن کے لیے فنڈز مختص کیے گئے اور کہا گیا کہ فزیبلٹی اور سروے کی تکمیل کے بعد منصوبے کو باقاعدہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

لیکن اس کے بعد اس منصوبے پر کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی، جس کے باعث عوام لانگ مارچ شروع کرنے پر مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ہماری تاریخ میں پہلی بار ہے کہ سڑک کی تعمیر کے لیے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے اور اس میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔‘

لانگ مارچ کے قائدین کا کہنا ہے کہ مستوج تا بروغل 157 کلومیٹر طویل سڑک نہ صرف مقامی آبادی کی بنیادی ضرورت ہے بلکہ یہ وسطی ایشیا تک رسائی کے لیے پاکستان کا مختصر اور اہم ترین زمینی راستہ بھی بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:شندور پولو فیسٹیول کا تاج گلگت بلتستان کے نام، سنسنی خیز مقابلے میں چترال کو 13 سال بعد شکست

ان کے مطابق افغانستان نے واخان کوریڈور تک اپنی جانب سڑک کی تعمیر مکمل کر کے رسائی کو آسان بنا دیا ہے، جبکہ پاکستان کی جانب بنیادی انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

روڈ تحریک کے صدر محمد وزیر نے کہا کہ حکومت کی مسلسل بے توجہی کے بعد عوام کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔انہوں نے کہا کہ ’ہمیں صرف سڑک چاہیے، یہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کم از کم 20 کلومیٹر سڑک کی تعمیر سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرے اور اس منصوبے پر فوری عملی کام شروع کیا جائے۔لانگ مارچ کے آغاز کے بعد ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، جن کا تعلق اسی حلقے سے ہے، نے مارچ کو مؤخر کرانے کی کوشش کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال بھی مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے، تاہم مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ساؤتھ ایئر کا ڈی آئی خان اور چترال کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے دور افتادہ سرحدی علاقوں کو مسلسل نظر انداز کیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے خود میدان میں نکلیں۔ ان کے مطابق اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

لانگ مارچ میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ بروغل جیسے دور افتادہ علاقے کے عوام کو ترقی، صحت، تعلیم اور مواصلات کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، جبکہ ایک معیاری سڑک کی تعمیر نہ صرف مقامی آبادی کی مشکلات کم کرے گی بلکہ سیاحت، تجارت اور سرحدی رابطوں کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: اسلام آباد تینوں ممالک کے پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا

حکومت کا بجلی کی 3 بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

جماعت اسلامی نے 9 اگست کا احتجاج مؤخر کردیا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں کی نئی تاریخ کا اعلان

اوپن اے آئی کے نئے ماڈل ’ایسٹرا‘ میں خطرناک سیکیورٹی خدشات کا انکشاف، ڈیولپنگ کام عارضی معطل

میر رضا علی کیس: پولیس تفتیش کے بجائے خاندان کو ہراساں کررہی ہے، وکیل نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

ویڈیو

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے روانہ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد مسجد نبویؐ میں حاضری

پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے اراکین کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر