آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے ریاست کے 17ویں وزیراعظم کے انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب 27 اگست 2026 کو قانون ساز اسمبلی میں ہوگا۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی صبح 9:30 سے 10:30 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال صبح 10:30 سے 10:45 بجے تک ہوگی۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے والے چوہدری طارق فاروق کون ہیں؟ کیریئر پر ایک نظر
جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست صبح 11 بجے آویزاں کی جائے گی، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا وقت صبح 11 بجے سے 11:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے آویزاں کی جائے گی، جس کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی 27 اگست کو دوپہر 12 بجے ہوگا۔
وزیراعظم کے انتخاب کے لیے تمام کارروائی قانون ساز اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں مکمل کی جائے گی۔
آزاد کشمیر میں نئی حکومت سازی کے عمل کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی مکمل ہوچکا ہے۔ چوہدری طارق فاروق اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں۔
یوں نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے اسمبلی میں اہم مرحلہ 27 اگست کو مکمل ہوگا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کی سیاست میں مریم نام کا چرچا، ’تین مریم‘ اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز سے مشاورت کے بعد صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کو وزیراعظم کے لیے فائنل کرلیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان کسی بھی وقت کردیا جائےگا۔














