پی ٹی اے نے جاز پر 3 کروڑ 89 لاکھ روپے جرمانہ کیوں عائد کیا؟

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کارپوریٹ پوسٹ پیڈ سمز کے اجرا، تصدیق، ایکٹیویشن اور نگرانی سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں پر پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ (جاز) پر 3 کروڑ 89 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

پی ٹی اے کے مطابق کارروائی ٹارگٹ مارکیٹنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی شکایت پر کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ تقریباً 400 کارپوریٹ سمز کمپنی کی درخواست، منظوری، رضامندی یا اجازت کے بغیر اس کے نام پر جاری کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا پری پیڈ صارفین کے لیے اہم فیصلہ، ریچارج بیلنس کی کم از کم 180 دن کی مدت مقرر

شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بعد ازاں اسے تھرڈ پارٹی ریکوری ایجنسی کے ذریعے 6 لاکھ 26 ہزار 360 روپے سے زائد کے واجبات کی وصولی کا نوٹس بھی موصول ہوا۔

کمپنی کے مطابق مذکورہ سمز اس کی لاعلمی اور منظوری کے بغیر ایک طویل عرصے تک فعال رہیں۔

پی ٹی اے نے شکایت پر جاز سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا، تاہم اتھارٹی کے مطابق کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ نامکمل تھا اور اس میں لازمی کارپوریٹ اجازت ناموں اور اینڈ یوزر کی اسناد سے متعلق دستاویزات موجود نہیں تھیں۔

مزید پڑھیں: موبائل ٹیرف میں ایک سال کے دوران کتنا اضافہ ہوا؟ پی ٹی اے نے اعتراف کرلیا

جاز نے این ٹی این سرٹیفکیٹ، ایک پرانا کاروباری معاہدہ، ایک رابطہ شخص کی تفصیلات اور 400 سمز کی فہرست فراہم کی۔

تاہم پی ٹی اے کے مطابق یہ ریکارڈ کارپوریٹ سمز کے صارفین کی مکمل تصدیق اور ان کی شناخت سے متعلق لازمی تقاضوں کی تکمیل ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں تھا۔

اتھارٹی نے قرار دیا کہ کارپوریٹ سمز کے اجرا کے بعد بھی آپریٹر پر تصدیق، نگرانی اور صارفین کی شناخت کو قابلِ سراغ رکھنے کی ذمہ داری برقرار رہتی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی اے کی انتقال کر جانے والے افراد کی سمز ورثا کے نام منتقل کرنے کی ہدایت

یہ ذمہ داری کارپوریٹ صارفین، فرنچائزز، سیلز چینلز یا مجاز نمائندوں کو منتقل نہیں کی جاسکتی۔

پی ٹی اے نے جاز کا یہ مؤقف بھی مسترد کردیا کہ معاملہ بنیادی طور پر بلنگ یا تجارتی تنازع ہے۔

اتھارٹی کے مطابق معاملہ کارپوریٹ سمز کے اجرا، تصدیق اور بعد از اجرا نگرانی سے متعلق لازمی ریگولیٹری تقاضوں کی عدم تعمیل کا ہے۔

مزید پڑھیں: موبائل بیلنس تیزی سے ختم ہو رہا ہے؟ پی ٹی اے نے وجہ جاننے کا آسان طریقہ بتا دیا

پی ٹی اے نے نتیجہ اخذ کیا کہ جاز متعلقہ سبسکرائبرز ریگولیشنز اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے تحت کارپوریٹ سمز کے اجرا، تصدیق، ایکٹیویشن اور نگرانی سے متعلق تقاضوں کی پابندی یقینی بنانے میں ناکام رہا۔

اتھارٹی نے جاز کو 3 کروڑ 89 لاکھ روپے جرمانہ 30 روز کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، مقررہ مدت میں رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں قانون کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp