اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 72 ہزار سے زائد شہریوں کیخلاف کارروائی

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ماہ اگست کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 72 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر مؤثر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران لین وائلیشن پر 13 ہزار سے زائد جبکہ رانگ وے کی خلاف ورزی پر 5 ہزار سے زائد افراد کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ’گڈ سٹیزن‘ اسٹیکر کیا ہے؟

رپورٹ کے مطابق غیر قانونی پارکنگ پر 10 ہزار سے زائد جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 5 ہزار 300 سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اس کے علاوہ 7 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے والے رکشوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کارروائیوں تک محدود رہنے کے بجائے شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگست کے دوران ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی دی گئی، جن میں نجی و سرکاری ملازمین، تعلیمی اداروں کے طلبا اور روڈ ایجوکیشن اڑان ڈرائیونگ اسکول کے طلبا شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ای چالان کے نام پر سائبر فراڈ، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کردیا

کائنات اظہر خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی کے لیے آگاہی اور انفورسمنٹ کا سلسلہ جاری رہے گا اور شہریوں کی سہولت، محفوظ سفر اور بہتر ٹریفک نظام کے لیے اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور سڑکوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ان کے مطابق ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ سفر اور بہتر ٹریفک نظام اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp