اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے سوشل میڈیا پر 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی منسوخی اور اسے تبدیل کروانے کی آخری تاریخ کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبروں کی شدید تردید کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی سفارش کردی
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے کے مطابق مرکزی بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز متعارف کروانے کے لیے ایک تجویز ارسال کی ہے جو اس وقت وفاقی کابینہ کے زیرِ غور ہے۔ معاملے پر ابھی تک بحث جاری ہے اور کسی بھی مالیت کے نوٹ کو منسوخ یا تبدیل کرنے کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ اگر اس قسم کا کوئی بھی فیصلہ کیا گیا تو اس کا باقاعدہ اعلان سرکاری ذرائع کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی بھی مالیت کا نوٹ منسوخ کیا جاتا ہے تو عوام کو پرانے نوٹ تبدیل کروانے کے لیے پورا اور مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیے: کیا اسٹیٹ بینک 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے جا رہا ہے؟
ترجمان اسٹیٹ بینک نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس نوعیت کی افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر بالکل کان نہ دھریں اور صرف اسٹیٹ بینک کے رسمی اور سرکاری اعلانات پر ہی اعتماد کریں۔













