آسان ٹیکس اسکیم میں ریٹیلرز کی عدم دلچسپی، صرف 1016 گوشوارے جمع

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ریٹیلرز فکسڈ ٹیکس اسکیم کے تحت اب تک صرف 1016 دکانداروں اور ریٹیلرز نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، جن میں صرف 91 نئے فائلرز شامل ہیں، جبکہ اس اسکیم سے اب تک قومی خزانے میں 8 کروڑ 60 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ معاملہ 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کے تحت چوتھے جائزے کے لیے جاری مذاکرات کے دوران سامنے آیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے مشن نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام سے ملاقات کے دوران ریٹیلرز فکسڈ ٹیکس اسکیم پر پیشرفت کے بارے میں استفسار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے آن لائن ریٹرنز جمع کرانے کے نئے قواعد متعارف کرا دیے

ایف بی آر نے رواں مالی سال اس اسکیم کے تحت 50 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً 1016 ریٹیلرز نے اسکیم کے تحت اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، تاہم ان میں نئے فائلرز کی تعداد صرف 91 ہے۔

اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 86 ملین روپے ٹیکس جمع ہو سکا ہے، جو مقررہ ہدف کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر سے بڑھا کر 15 اکتوبر 2026 کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر کا شکنجہ مزید سخت، کاروبار نظام سے نہ جوڑا تو 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا

ریٹیلرز بھی اس توسیع شدہ مہلت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق اسکیم میں شمولیت کے حوالے سے ان کا ردعمل تاحال حوصلہ افزا نہیں ہے۔

حکومت نے ٹیکس قوانین میں یہ بھی مقرر کیا ہے کہ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے افراد پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

پہلے ماہ 10 ہزار روپے، دوسرے ماہ 25 ہزار روپے جبکہ تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp