بگ باس اسٹار ارچنا گوتم کے کیفے میں چوری، چور کیش کاؤنٹر اٹھا کر فرار، ویڈیو سامنے آگئی

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 16 سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ارچنا گوتم کے ممبئی میں واقع کیفے میں چوری کی واردات نے انہیں پریشان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منگل 6 اکتوبر کو صبح تقریباً 5 سے 6 بجے کے درمیان ایک شخص ارچنا گوتم کے کیفے میں داخل ہوا اور وہاں موجود پورا کیش کاؤنٹر اٹھا کر فرار ہوگیا۔

ارچنا گوتم نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کردی جس میں چور کو کیفے میں داخل ہوتے اور کیش کاؤنٹر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے اور ممبئی پولیس سے اپیل کی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو جلد تلاش کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ارچنا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس واقعے نے انہیں شدید افسردہ کردیا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور کاروباری مقامات کی سیکیورٹی کے حوالے سے محتاط رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ہی دن کاروبار شروع کرنے کے لیے نکلنے والے شہری کی گاڑی چوری ہوگئی، گھر میں سوگ

اپنے کیفے کو نشانہ بنائے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ارچنا نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ چور نے ان کے کیفے کو ہی کیوں منتخب کیا۔ ان کے مطابق ملزم نے کیفے کو نقصان پہنچایا اور پورا کیش کاؤنٹر ہی اٹھا کر لے گیا۔

ارچنا نے بتایا کہ انہوں نے یہ کیفے اپنی جمع پونجی، محنت اور محبت سے قائم کیا تھا اور اس سے وابستہ ہر چیز ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے اس لیے چوری کی واردات ان کے لیے خاصی تکلیف دہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: نواب آف بہاولپور کے گھر چوری کی بڑی واردات ٹریس، 6 ملزمان گرفتار

واقعے کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ارچنا کے متعدد دوست بھی ان کی حمایت میں سامنے آئے، واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ارچنا کو حوصلہ دیا۔

واضح رہے کہ ارچنا گوتم بگ باس 16 کے ذریعے مقبول ہوئیں جس کے بعد وہ روہت شیٹی کے اسٹنٹ پر مبنی ریئلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی 13‘ اور ’سیلیبریٹی ماسٹر شیف‘ میں بھی نظر آئیں۔ وہ اس وقت بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے ریئلٹی شو ’دی انڈین گیم شو‘ کا حصہ ہیں۔

جس روز ارچنا گوتم کے کیفے میں چوری کی واردات ہوئی اسی روز وہ ’خطروں کے کھلاڑی 15‘ کے فاتح اویناش مشرا کی کامیابی کے جشن میں منعقدہ پارٹی میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp