بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے استقبالیے میں شریک شاہ رخ خان اور سلمان خان سمیت کئی فلمی ستاروں کو وہ نہیں جانتے تھے البتہ امیتابھ بچن کو پہچانتے تھے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے اپنے کوکنگ وی لاگ کے لیے مادھوری ڈکشٹ اور ان کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے کے گھر کا دورہ کیا جہاں گفتگو کے دوران مادھوری کی محبت اور شادی کی دلچسپ کہانی سامنے آگئی۔
وی لاگ میں ڈاکٹر شری رام نینے نے بتایا کہ جب ان کی شادی کا استقبالیہ منعقد ہوا تو وہاں بالی ووڈ کی متعدد معروف شخصیات موجود تھیں تاہم وہ ان میں سے زیادہ تر کو نہیں پہچانتے تھے۔
ڈاکٹر نینے نے اس صورتِ حال کو دلچسپ انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ کسی اسکول کے پروم کے بادشاہ ہوں، جہاں وہ لوگوں کی جانب ہاتھ ہلا رہے تھے لیکن انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہاں موجود شخصیات کون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ کی چمک دمک کے پیچھے چھپی تاریک دنیا، مادھوری ڈکشٹ نے بڑا راز کھول دیا
ان کے مطابق فلمی ستاروں میں وہ صرف امیتابھ بچن کو جانتے تھے کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ دیکھی تھی۔ فرح خان نے جب ان سے پوچھا کہ کیا وہ شاہ رخ خان اور سلمان خان سے بھی واقف نہیں تھے تو ڈاکٹر نینے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دونوں اداکاروں کو بھی نہیں جانتے تھے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ استقبالیے میں موجود تمام فلمی شخصیات ان کے ساتھ نہایت محبت اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
گفتگو کے دوران فرح خان نے ڈاکٹر شری رام نینے سے یہ بھی پوچھا کہ کیا شادی کی پیشکش کے وقت وہ واقعی مادھوری ڈکشٹ کے بارے میں نہیں جانتے تھے؟
یہ بھی پڑھیں: ’سب جھوٹ تھا اور ہمیں دھوکا دیا گیا‘، مادھوری ڈکشت کے شو نے لوگوں کو مایوس کیوں کردیا؟
ڈاکٹر نینے نے بتایا کہ وہ اس وقت لاس اینجلس میں رہتے تھے، ہندی زبان نہیں بولتے تھے اور ہندی فلمیں بھی نہیں دیکھتے تھے۔ ان کی دلچسپی زیادہ تر ہالی ووڈ کی فلموں میں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پرورش اسٹیون اسپیلبرگ اور جارج لوکاس کی فلمیں دیکھتے ہوئے ہوئی جبکہ ’اسٹار وارز‘ بھی ان کی پسندیدہ فلمی دنیا کا حصہ تھی۔
ڈاکٹر نینے کے مطابق مادھوری سے ملاقات کے بعد دونوں نے تقریباً تین ماہ تک ایک دوسرے کو جانا، ان کے درمیان اچھی ہم آہنگی پیدا ہوئی اور پھر انہوں نے مادھوری کو شادی کی پیشکش کر دی۔ فرح خان نے اس موقع پر کہا کہ مادھوری اور ڈاکٹر نینے کے تعلقات کی خبر بھارتی فلم انڈسٹری میں خاصی بڑی خبر بن گئی تھی اور اس نے کئی مداحوں کے دل بھی توڑ دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: رفح کے بارے میں پوسٹ کر کے ڈیلیٹ کیوں کی؟ مادھوری ڈکشٹ کو تنقید کا سامنا
ڈاکٹر نینے نے بتایا کہ دونوں نے شادی سے پہلے اپنے تعلقات کو خفیہ رکھا اور امریکا میں مادھوری کے بھائی کی رہائش گاہ پر نجی تقریب میں شادی کی۔
مادھوری ڈکشٹ نے 17 اکتوبر 1999 کو دل کے امراض کے ماہر ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کی تھی۔ اس وقت مادھوری اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر تھیں اور ’تیزاب‘، ’دل تو پاگل ہے‘، ’ہم آپ کے ہیں کون..!‘ اور ’کھل نائک‘ جیسی کامیاب فلموں کے باعث بے پناہ مقبولیت حاصل کر چکی تھیں۔
ان کی شادی ایک نجی اور روایتی تقریب میں جنوبی کیلیفورنیا، امریکا میں مادھوری کے بڑے بھائی کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔














