صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، 3 ٹی 20 میچز میں سب سے زیادہ رنز بنا ڈالے

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 238 رنز بنا کر بھارت کے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، وہ مکمل رکن ممالک کے درمیان 3 میچوں کی دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے، جبکہ انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

راولپنڈی میں کھیلی گئی سیریز میں صاحبزادہ فرحان نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے 79.33 کی شاندار اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی ٹی 20 ٹیم نے ثابت کیا، اس کا اسٹرائیک ریٹ بہترین ہے، مستقبل میں یہی جارحانہ انداز اپنائیں گے، صاحبزادہ فرحان

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کے پاس تھا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف اپنی ٹیم کی 3 میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔ ان کی اوسط 76.33 رہی، جبکہ انہوں نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری اسکور کی تھی۔

مکمل رکن ممالک کے درمیان 3 میچوں کی دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں صاحبزادہ فرحان 238 رنز کے ساتھ پہلے، ابھیشیک شرما 229 رنز کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو 223 رنز کے ساتھ تیسرے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 217 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ پہلے ٹی 20 میں انہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں سے حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل، کپتان صاحبزادہ فرحان پر عزم

دوسرے میچ میں بھی صاحبزادہ فرحان کی شاندار فارم برقرار رہی اور انہوں نے صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز بنا سکی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

تیسرے اور آخری ٹی 20 میں صاحبزادہ فرحان نے 47 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 168 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، تاہم سری لنکا نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

تیسرے میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی، جبکہ صاحبزادہ فرحان اپنی ریکارڈ ساز کارکردگی کے باعث سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp