امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں برطانیہ کے ایک وائلڈ لائف پارک میں ایک شخص کو شیر کے حملے میں ہلاک ہوتے دکھایا گیا ہے۔ اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیر کے حملے کی ویڈیو شیئر کرنے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص کو جنگلی جانور کے حملے کا نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکا۔
Trump just posted a video showing a man being mauled to death by a tiger at a wildlife park in England.
WTF pic.twitter.com/RNjBWX2sJv
— Republicans against Trump (@RpsAgainstTrump) October 13, 2026
ٹرمپ نے ویڈیو کے ساتھ ’فطرت سے کبھی نہ الجھو‘ کا پیغام بھی درج کیا تاہم متعدد صارفین نے اس اقدام کو غیر حساس قرار دیتے ہوئے صدر کے رویے پر سوالات اٹھائے۔
ٹرمپ کی پوسٹ پر متعدد صارفین نے تنقید کرتے ہوئے ان کے فیصلے اور حساسیت پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے پوسٹ کو ’’بیمار ذہنیت‘‘ قرار دیا جبکہ ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ وہ ٹرمپ کے حامی ہیں لیکن انہیں صدر کی یہ پوسٹ پسند نہیں آئی۔ ان کے بقول ہر شخص کی اپنی پسند ہوتی ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے دعویٰ کیا کہ اس نے سنا ہے کہ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص آٹزم کا شکار تھا اور ممکنہ طور پر صورتِ حال کو درست طور پر سمجھنے سے قاصر تھا۔ صارف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر تشدد اور برائی کو پسند کرنے کا الزام عائد کیا اور انہیں ’’درندہ صفت‘‘ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: الہان عمر کے گھر کی تلاشی، رکن کانگریس کا ٹرمپ پر سیاسی انتقام کا الزام
بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے ’ریپڈ رسپانس 47‘ اکاؤنٹ نے بھی یہ ویڈیو ایکس پر شیئر کردی۔ اس کے بعد ٹرمپ نے ایک اور اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں ایک مسکراتے ہوئے شیر کے ساتھ کشتی لڑتے اور پھر اس سے دوستی کرتے دکھایا گیا۔ اس ویڈیو میں پس منظر میں معروف گانا ’دی لائن سلیپس ٹونائٹ‘ بھی شامل تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت ولیم چیپ مین کے نام سے ہوئی جو ہفتے کے روز پیش آنے والے واقعے میں شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شمالی انگلینڈ کے شہر ڈونکاسٹر کے قریب واقع یارکشائر وائلڈ لائف پارک میں ایک شخص کے شیر کے انکلوژر میں داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت کے پوشیدہ مسائل: ڈاکٹروں نے کیا انکشاف کیا؟
پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ شیر نے انکلوژر میں داخل ہونے والے شخص پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تاہم طبی عملے کی بھرپور کوششوں کے باوجود اسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
واقعے کے بعد ٹرمپ کی پوسٹس نے سوشل میڈیا پر حساس واقعات کی ویڈیوز شیئر کرنے اور عوامی شخصیات کی آن لائن ذمہ داریوں سے متعلق بحث کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔














