پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔ غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے مکہ مکرمہ پر حملے کی شدید مذمت، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے: دفترِ خارجہ
انہوں نے القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں اور غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں توسیع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ اور حل طلب بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کسی بھی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ مشترکہ آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ایک خطرناک اقدام ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، شہباز شریف کی محمد بن سلمان کو یقین دہانی
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے خلاف بھارتی اقدامات پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔














