خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پولیس کے پی ایس پی گریڈ 21 کے افسر عباس احسن کو قبائلی اضلاع کے لیے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس تعینات کردیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی گورنر کی سفارش پر کی گئی ہے، جبکہ وہ صوبے کے 12 اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
عباس احسن کی تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تحفظات کے بعد صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے اختیارات گورنر کو منتقل ہوگئے ہیں، جبکہ صوبے کے انتظامی امور چلانے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل بھی قائم کی گئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11 اکتوبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر آئین کے آرٹیکل 232 اور234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اس فیصلے کی وجہ صوبے میں دہشتگردی کے واقعات، داخلی بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ ہونے سے متعلق اپنے تحفظات کو قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی: اسلام آباد لانگ مارچ سے گورنر راج تک، صوبے میں بڑے احتجاج کیوں نہ ہوسکے؟
گورنر راج کے تحت گورنر فیصل کریم کنڈی کو صوبائی حکومت کے اختیارات منتقل کیے گئے ہیں، جبکہ ایمرجنسی کے تحت 12 اضلاع کے انتظامی امور کے لیے گورنر اور چیف سیکریٹری کے ماتحت الگ سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے۔ عباس احسن کی تعیناتی کو بھی ان انتظامی اور سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے، جن کا مقصد قبائلی اضلاع سمیت متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرنا ہے۔
عباس احسن اب قبائلی اضلاع میں پولیس کے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں صوبے کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق پولیس امور کی سربراہی شامل ہوگی۔














