آن لائن رہائش فراہم کرنے والے معروف پلیٹ فارم ایئر بی این بی نے مہمانوں کے لیے چیک آؤٹ کے قواعد میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت میزبان اب مہمانوں کو برتن دھونے، بستروں سے چادریں اتارنے اور صفائی کے دیگر معمول کے کام کرنے کا پابند نہیں بنا سکیں گے۔
نئی پالیسی کا اطلاق 20 نومبر سے ہوگا جس کے تحت میزبانوں کو چیک آؤٹ کے وقت مہمانوں سے صرف معقول اور مناسب نوعیت کے کاموں کی توقع رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم مہمانوں سے استعمال شدہ برتن سنک میں رکھنے، تولیے ایک جگہ جمع کرنے اور کوڑا کرکٹ و قابلِ ری سائیکل مواد الگ کرنے کے لیے کہا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جال بچھانے والے خود پھنس گئے! اے آئی نے اسکیمرز کے 17 سال کیسے ضائع کر دیے؟
ایئر بی این بی نے نئی پالیسی کے اعلان کے موقع پر میزبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہمانوں کے نقطۂ نظر سے معاملات کا جائزہ لیں اور ایسی شرائط عائد کرنے سے گریز کریں جنہیں وہ خود غیر مناسب سمجھتے ہوں۔
چیک آؤٹ کے وقت صفائی کے کاموں کی پابندی طویل عرصے سے ایئر بی این بی کے مہمانوں اور میزبانوں کے درمیان اختلاف کا سبب رہی ہے بالخصوص ایسے معاملات میں جہاں مہمانوں سے رہائش کے کرائے کے علاوہ صفائی کی فیس بھی وصول کی جاتی ہے۔ کمپنی اس سے قبل بھی تسلیم کر چکی ہے کہ صفائی کی فیس میزبانوں اور مہمانوں کی توقعات میں فرق پیدا کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘اپنے ساتھ کچھ لیکر نہ جائیں’، سوئٹزرلینڈ میں بھارتی سیاحوں کو شرمندگی کا سامنا، ہوٹل انتظامیہ کا سخت پیغام
تاہم نئی پالیسی میں بعض مخصوص حالات کے لیے استثنیٰ بھی رکھا گیا ہے۔ مثال کے طور پر ریچھوں کی موجودگی والے علاقوں میں مہمانوں کو کوڑا کرکٹ جانوروں سے محفوظ مخصوص ڈبوں میں ڈالنے کا پابند بنایا جا سکے گا۔
نئے قواعد کے تحت میزبانوں کے لیے یہ بھی لازمی ہوگا کہ وہ رہائش گاہ کے تمام قواعد و ضوابط اور مہمانوں سے متعلق توقعات بکنگ سے پہلے اپنی پراپرٹی کی فہرست میں مختص کردہ حصے میں واضح طور پر درج کریں۔ میزبان بعد ازاں پیغامات، گھر کے اندر لگے نوٹس یا فہرست کے دیگر حصوں کے ذریعے نئی شرائط عائد نہیں کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس جانے کا خواب، حوالات میں چکنا چور، اغوا کا انوکھا ڈراپ سین
کمپنی گھر کے قواعد کو سات باقاعدہ زمروں میں تقسیم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جن میں رات کے وقت آنے والے مہمانوں، خاموشی کے اوقات، پالتو جانوروں، سگریٹ نوشی اور چیک آؤٹ کے وقت گھر کو لاک کرنے سے متعلق ہدایات شامل ہوں گی۔
یہ اقدامات ایئر بی این بی کی اس وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد رہائش کی بکنگ کے عمل کو مسافروں کے لیے زیادہ شفاف اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 6 سالہ بچے نے تاریخی تلوار دریافت کر کے ماہرین کو حیران کردیا
ایئر بی این بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن چیسکی نے 2023 میں بھی اعتراف کیا تھا کہ پلیٹ فارم پر رہائش گاہوں کی مختلف اقسام کے باعث مہمانوں کو بعض اوقات غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی چاہتی ہے کہ مسافروں کو بکنگ سے پہلے ہی معلوم ہو کہ انہیں رہائش کے دوران کیا سہولیات اور شرائط پیش آئیں گی۔











