جمعے کے روز انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا تاہم گزشتہ روز کی نسبت اضافہ 3 گنا ریکارڈ ہوا یعنی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے مضبوط ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر مزید بہتر، ڈالر اب کتنے کا؟
دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 276.85 روپے سے بہتر ہو کر 276.82 روپے پر بند ہوئی۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز روپیہ 276.85 پر بند ہوا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خدشات اور غیر یقینی صورتحال کے باعث امریکی ڈالر پر دباؤ دیکھا گیا جبکہ محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر جاپانی ین ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
جاپانی ین 0.3 فیصد مضبوطی کے ساتھ 156.28 فی ڈالر پر پہنچ گیا۔
مزید پڑھیے: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری
6 اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کا اندازہ لگانے والا ڈالر انڈیکس 101.44 کی ایک ماہ کی کم ترین سطح کو چھونے کے بعد 101.52 پر رہا۔
امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز کی شرحِ منافع ایک ماہ کی کم ترین سطح 4.953 فیصد کے قریب رہی۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں
کرنسی کے استحکام کے لیے اہم سمجھی جانے والی خام تیل کی قیمتوں میں جمعے کے روز ایک فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔
برینٹ خام تیل کے سودے 1.30 ڈالر (1.2 فیصد) اضافے کے ساتھ 114.47 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جو مسلسل تیسرے ہفتے بھی اضافے کے ساتھ بند ہونے کی جانب گامزن ہے۔
مزید پڑھیں: خراماں خراماں: روپے کی قدر مسلسل مضبوطی کی سمت گامزن، جانیے یہ سلسلہ کب سے جاری ہے؟
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.37 ڈالر (1.4 فیصد) اضافے کے ساتھ 100.84 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔











