جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اٹھاؤں گا، نگراں وزیراعظم

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کی تکالیف کا ادراک ہے، مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، ٹیکس نظام میں بہتری سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کروں گا۔

اپنے ایک انٹرویو میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو اقتدار منتقل کر دیں گے، نواز شریف کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، ان کا معاملہ عدالت میں ہونے پر عدالتیں ہی فیصلہ کریں گی، انتظامی اقدامات کے باعث ڈالر کی قیمت میں کمی، کھاد، چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کے تناظر میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، بدقسمتی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ممالک کے لیے یہ بڑا چیلنج ہے، عوامی احتجاج سے متعلق میڈیا کے ایک حصہ نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بات کہی نہ گئی ہو وہ تہمت اور صحافتی بددیانتی کے زمرے میں آتی ہے، امید ہے کہ میڈیا میں بھی اخلاقیات اور ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خراب ٹیکس نظام کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں اپنے ٹیکس نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں سے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات نہیں کی گئیں۔

انتظامی اقدامات کے باعث روپیہ مستحکم ہوا

ان کا کہنا تھا کہ انتظامی اقدامات کے باعث روپیہ مستحکم ہوا ہے، یہ ہم سب کا کریڈٹ ہے۔ پاک فوج کا نظام دیگر اداروں کے مقابلے میں مضبوط ہے، آرمی چیف آئین کی عملداری کے بھرپور حامی ہیں، سویلین اداروں کی استعدادکار میں اضافہ اور کارکردگی میں بہتری پر توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سرمایہ کاری اور کاروبار کے بارے میں تحفظ کے خواہاں ہیں تاکہ انہیں سازگار اور کاروبار دوست ماحول میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفاد میں بعض اوقات مشکل اور تلخ فیصلے کرنا پڑتے ہیں، یہ منصب کا تقاضا ہوتا ہے، عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں، عوام کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ اس شخص کو ووٹ دیں گے جس کے پاس معاشی بحالی کا منصوبہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات نہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن اس حوالے سے پوری تیاری کر رہا ہے اور آئین کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری پوری کریں گے

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ فنڈز اور سیکیورٹی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئینی طریقہ کار کے تحت موجودہ نگراں حکومت وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشاورت سے تشکیل دی، جس دن نئی حکومت قائم ہوگی اس وقت انتقال اقتدار نومنتخب حکومت کے حوالے کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نگراں حکومت کے حوالے سے بیان نہیں دیا ہے، سیاسی بیان بازی الگ چیز ہے۔

’اٹھارویں ترمیم میں نگراں حکومتوں کےلیے آئینی طریقہ کار وضع کیا گیا جس کے تحت یہ نگراں حکومت وجود میں آئی‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ غلط رپورٹنگ اور ہتک عزت پر کسی قانون پر عمل نہیں کیا جاتا، میرا نیب میں کوئی کیس نہیں، نیب انکوائری تھی جو بند ہو چکی ہے، اس میں میرے کوئی اثاثے سامنے نہیں آئے۔

کسی این جی او سے کوئی لین دین نہیں، اپنی تنخواہ پر گزارہ کرتا ہوں

انہوں نے کہا کہ میرا کسی این جی او سے کوئی لین دین نہیں، ترجمان بلوچستان کی حیثیت سے بغیر تنخواہ کے خدمات سرانجام دیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اپنی تنخواہ میں گزارہ کرتا ہوں، ارکان پارلیمنٹ، وزرا  اور وزیراعظم کی تنخواہیں کم ہیں جبکہ کم سے کم تنخواہ بھی کم ہے۔

اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہیں سپریم کورٹ کے جج کے برابر ہونی چاہییں تاکہ ارکان پارلیمنٹ پارلیمانی کارروائی میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے سکیں، مالی مشکلات کے باعث ابھی تنخواہوں میں اضافہ زیر غور نہیں، حکومت کی توجہ عوام کی خدمات پر ہوتی ہے۔

عام آدمی مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہے

انہوں نے کہا کہ ماضی میں وسائل کے غلط استعمال کے باعث موجودہ صورتحال کا سامنا ہے، عام آدمی مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہے، چینی کی قیمتوں میں 80 سے 90 روپے کا فرق اسمگلنگ کے باعث ہے۔ اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو غیر قانونی گٹھ جوڑ کے ذریعے اسمگلنگ کرتے ہیں۔ہم نے اس گٹھ جوڑ کو توڑا ہے اور بند کر دیا ہے۔

اسمگلنگ روک دی ہے، ڈالر کی قیمت مزید کم ہو گی

ان کاکہنا تھا کہ چھپ کر اسمگلنگ کرنے والے خوف کا شکار ہیں، غذائی اجناس، کھاد، ڈالر، ایرانی تیل سمیت دیگر غذائی اجناس کی اسمگلنگ روک دی ہے۔ڈالر کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازع حیثیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں اور اس بارے میں پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔

بلوچستان متنازع علاقہ نہیں ہے، اقوام متحدہ نے کشمیر کے متنازع علاقہ کی قسمت کا فیصلہ رائے شماری سے کرانے کا وعدہ کیا ہے، بھارت میں خالصتان سمیت علیحدگی پسندی کی مختلف تحریکیں چل رہی ہیں، جونا گڑھ کے معاملہ پر بھی پاکستان دعویدار ہے۔

مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کروں گا

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کروں گا، بھارت میں ہندوتوا کے پیروکار پاکستان کے قیام کو دل سے تسلیم نہیں کرتے، وہ اکھنڈ بھارت کی تقسیم میں قائداعظم اور برصغیر کے مسلمانوں کا کردار سمجھتے ہیں اور وہ پاکستان کو دشمن سمجھتے ہیں اور ہم بھی بھارت کو اسی نظریہ سے دیکھتے ہیں۔

 دشمنی کو کم کرکے پرامن بقائے باہمی اچھی بات ہے اور ایسا ہونا چاہیے  دوستی دشمنی دائمی نہیں ہوتی، بھارت انتخابی عمل کی طرف جا رہا ہے اور وہاں ایک پارٹی کا تسلسل قائم ہو رہا ہے جس کے خطے اور پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

پاکستان بھارت میں ہونے والی تبدیلیوں کا سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلا  کے بعد چھوٹے اور جدید ہتھیار وہاں رہ گئے جو کہ کالعدم تنظیموں اور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھ لگ گئے۔

یہ ہمارے لیے چیلنج ہے، پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو اب بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ختم نہیں ہونا چاہیے

امریکا کے خطے سے جانے کے بعد عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ختم نہیں ہونا چاہیے، عالمی برادری کو عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں پاکستان اور دیگر ممالک کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ دہشت گردی کا شکار نہ ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp