ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23ویں سربراہ بن گئے

ہفتہ 7 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈمرل نوید اشرف نے چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) کا عہدہ سنبھال لیا۔ پاک بحریہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ میں خدا کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے عزت اور وقار کے ساتھ پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے کے قابل بنایا۔ مجھے فخر ہے کہ ڈیوٹی کے دوران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے میں عہدے سے سبکدوش ہو رہا ہوں۔

سابق نیول چیف امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 برس کے دوران کورونا وبا کے سبب ہم نے دنیا کو بدلتے دیکھا، دنیا بھر میں نیول فورسز نے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور ہر طرح کی انتظامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ کورونا وبا دنیا بھر میں معاشی بحران کا بھی سبب بنی اور پاکستان بھی اس سے محفوظ نہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اندرون ملک سیکیورٹی چیلنجز، امریکا کا افغانستان سے انخلا اور گزشتہ برس بدترین سیلاب کا بھی سامنا کیا جو ہم سے ایک ایسے نازک موڑ پر ٹکرایا جب ہم پہلے ہی معاشی چیلنجز کا بھی سامنا کر رہے تھے۔ مکمل اعتماد کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ ان مشکل حالات میں میرے پرنسپل کمانڈ آفیسرز اور فیلڈ کمانڈز نے پاکستان نیوی کے امور کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، وہ اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈمرل نوید اشرف کو بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ترجمان پی ایم ایل (ن) کے مطابق شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بحریہ پاکستان کی مسلح افواج کا ایک طاقتور اور اہم حصہ ہے جس کا شاندار ماضی اور تابناک مستقبل ہے۔ دعا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ مزید مضبوط ہو، اس کی پیشہ ورانہ قابلیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے پاک بحریہ اور ملک کے لیے خدمات پر سبکدوش ہونے والے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی

اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر نے کہا کہ ایڈمرل نوید اشرف ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور قابل آفیسر ہیں۔ ان کی سربراہی میں پاک بحریہ مزید مضبوط فورس بن کر ابھرے گی۔ پاک بحریہ پاکستان کی بری اور فضائی فورسز کی مانند افواج پاکستان کا کلیدی جزو ہے۔

راجا پرویزاشرف نے کہا کہ پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے۔ پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔ پاک بحریہ نے ہمیشہ پاکستان کی سمندری حدود کی بہترین انداز میں حفاظت کی ہے۔

اسپیکر نے پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اوپن اے آئی کے نئے ماڈل ’ایسٹرا‘ میں خطرناک سیکیورٹی خدشات کا انکشاف، ڈیولپنگ کام عارضی معطل

میر رضا علی کیس: پولیس تفتیش کے بجائے خاندان کو ہراساں کررہی ہے، وکیل نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

امریکا، ایران کشیدگی میں پاکستان نے وہ کر دکھایا جو بڑی عالمی طاقتیں نہ کر سکیں، ساؤتھ ایشین وائسز

حماس کا غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے آمادگی کا اعلان

بیرون ملک جانے کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض، حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

ویڈیو

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے روانہ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد مسجد نبویؐ میں حاضری

پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے اراکین کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر