گزشتہ چند ماہ کے دوران بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک جرائم پیشہ لارنس بشنوئی اور اس کے گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے پیش نظر انہوں نے ایک مہنگی بلٹ پروف گاڑی خرید لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو حکومت کی جانب سے خصوصی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جو وائی پلس کہلاتی ہے جس میں 2سے 4کمانڈوز سمیت 11 اہلکار حفاظت پر معمور کیے جاتے ہیں۔ لیکن اداکار نے اپنے طور پر بھی کچھ حفاظتی انتظامات کیے ہیں جن میں ایک بلٹ پروف گاڑی کی خریداری بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے جیل سے دیے گئے انٹرویو میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد بشنوئی کے ساتھی گولڈی برار نے بھی سلمان کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔
سلمان خان کو اب سفید رنگ کی لگژری کار میں سفر کرتے دیکھا جا رہا ہے جو ایک بلٹ پروف نسان پیٹرول ایس یو وی ہے اور فی الحال ہندوستانی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔ اس گاڑی کو سلمان خان نے خصوصی طور پربیرون ملک سے منگوایا ہے۔
معروف اداکار کی بلٹ پروف گاڑی بی6 لیول کی سیکورٹی سے لیس ہے۔ بی6 بیلسٹک پروٹیکشن اور 41 ملی میٹر موٹے شیشے کے ساتھ ہائی پاور والی رائفل سے حملہ کیے جانے کے بعد بھی کار میں بیٹھے لوگ محفوظ رہتے ہیں۔ یہ کار اب سلمان خان کی سابقہ ٹویوٹا لینڈ کروزر ایل سی 200 کی جگہ لے گی جس میں بلٹ پروف شیشہ لگا تھا۔