بارکھان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 5 جوان شہید

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا انسداد دہشتگردی آپریشن، خیبر میں خوارج کمانڈر عمر عرف غازی ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے دستوں نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان کے مطابق جھڑپ میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔ شہدا میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کی گئی اور دہشتگردوں کے گروہ کا سراغ لگا کر مؤثر آپریشن کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

مزید کہا گیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp