ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی جہاں انہوں نے مصر کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں دفاعی چیمپیئن کو کوارٹر فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میسی، ایمباپے اور ہالینڈ نے مل کر فٹبال کی 96 سالہ تاریخ بدل دی
اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ارجنٹینا نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ 39 سالہ لیونل میسی نے اس میچ میں ایک گول اسکور کیا جبکہ ایک گول میں مدد بھی فراہم کی۔
مصر کے خلاف میچ میں ارجنٹینا کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب میسی پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے اور مصر نے اس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
تاہم کپتان میسی نے اہم موقع پر ٹیم کو سنبھالا۔ 79ویں منٹ میں میسی کے بہترین پاس پر کرسٹیان رومیرونے ہیڈر کے ذریعے گول کرکے ارجنٹینا کی واپسی کا آغاز کیا۔
اس کے صرف 4 منٹ بعد میسی نے خود شاندار فنش کے ذریعے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا جبکہ انجری ٹائم میں اینزو فرنانڈیز نے تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو یادگار فتح دلادی۔
مزید پڑھیے: فیفا ورلڈ کپ 2026: گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی اور ایمباپے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ
مصر کے خلاف گول کے بعد میسی کے ورلڈکپ 2026 میں مجموعی گولز کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ ایک اسسٹ کے ساتھ وہ ٹورنامنٹ میں براہ راست 9 گولز میں کردار ادا کرچکے ہیں۔
میسی کی اس کارکردگی نے انہیں گولڈن بوٹ کی فہرست میں فرانس کے کائیلیان ایمباپے اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ سے آگے پہنچا دیا ہے۔
گولڈن بوٹ کی موجودہ صورتحال
لیونل میسی (ارجنٹینا): 8 گول، 1 اسسٹ
کائیلیان ایمباپے (فرانس): 7 گول، 2 اسسٹ
ایرلنگ ہالینڈ (ناروے): 7 گول، 0 اسسٹ
ہیری کین (انگلینڈ): 6 گول، 1 اسسٹ
عثمان ڈیمبیلے (فرانس): 4 گول، 2 اسسٹ
انگلینڈ کے کپتان ہیری کین 6 گول اور ایک اسسٹ کے ساتھ فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ فرانس کے عثمان ڈیمبیلے 4 گول اور 2 اسسٹس کے ساتھ ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔
گولڈن بوٹ ایوارڈ کیا ہے؟
فٹبال ورلڈ کپ میں گولڈن بُوٹ ایوارڈ ٹورنامنٹ کے دوران سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔ یہ اعزاز کسی بھی کھلاڑی کے لیے سب سے بڑے انفرادی اعزازات میں شمار ہوتا ہے کیونکہ یہ اس کی گول کرنے کی صلاحیت، مستقل کارکردگی اور ٹیم کے لیے اہم کردار کا اعتراف ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: میسی کا نیا ورلڈ کپ ریکارڈ، مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
فیفا ورلڈ کپ میں گولڈن بوٹ ایوارڈ کا آغاز سنہ 1982 کے ورلڈ کپ سے ہوا تاہم اس سے پہلے بھی سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو اعزاز دیا جاتا تھا۔ ابتدائی برسوں میں اسے صرف ’ٹاپ اسکورر‘ کا اعزاز کہا جاتا تھا۔ بعد میں فیفا نے اسے باقاعدہ طور پر گولڈن بوٹ ایوارڈ کا نام دے دیا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں کئی عظیم کھلاڑی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ سنہ 2018 میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے گولڈن بوٹ جیتی جبکہ 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں فرانس کے کائلن ایمباپے نے سب سے زیادہ 8 گول کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اگر لیونل میسی فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہتے ہیں تو یہ ان کے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی کامیابی ہوگی۔
میسی کا سفر
لیونل میسی کا فٹبال سفر بھی غیر معمولی کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے۔ ارجنٹینا کے شہر روزاریو میں پیدا ہونے والے میسی نے کم عمری میں ہی فٹبال کھیلنا شروع کر دیا تھا اور سنہ 2004 میں اسپین کے معروف کلب بارسلونا کی جانب سے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی بنے اور سنہ 2005 میں پہلی بار انٹرنیشنل فٹبال میں ملک کی نمائندگی کی۔ میسی نے ارجنٹینا کو 2022 کا فیفا ورلڈکپ، 2021 اور 2024 کا کوپا امریکا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ارجنٹینا کے لیے 190 سے زائد میچز کھیل چکے ہیں اور 110 سے زیادہ بین الاقوامی گول کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: میسی نے فیفا ورلڈ کپ میں کون کونسے ریکارڈ اپنے نام کرلیے؟ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تفصیل جاری کردی
39 سال کی عمر میں بھی میسی کا شاندار کھیل جاری ہے تاہم یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ سنہ 2026 کا ورلڈکپ ان کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔ میسی نے ابھی تک انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا حتمی اعلان نہیں کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی جسمانی حالت اور کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔














