سیوٹا: یورپ کے خواب چکناچور، تارکین وطن مایوس ہو کر مراکش واپس لوٹنے لگے

اتوار 2 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپین کے شمالی افریقی علاقے سیوٹا میں بہتر مستقبل کی امید لے کر پہنچنے والے متعدد مراکشی تارکین وطن مایوسی کے عالم میں واپس اپنے گھروں کو لوٹنے لگے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بھوک، تھکن، مقامی افراد کی مخالفت اور یورپ تک پہنچنے کے راستے بند ہونے نے ان کے تمام خواب توڑ دیے۔

واپس آنے والے افراد نے رائٹرز کو بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور دوستوں کے پیغامات سے متاثر ہوئے تھے، جن میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود سیوٹا کی سرحد عبور کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپین کے علاقے سیوٹا میں مہاجرین کا سیلاب، مراکش سے ہزاروں افراد سرحد عبور کر گئے

تاہم وہاں پہنچنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ اسپین کے مرکزی حصے تک پہنچنے کا کوئی راستہ موجود نہیں۔

مراکش کے شہر فاس سے تعلق رکھنے والے بیکری ورکر ابراہیم نے بتایا کہ وہ اپنی ملازمت چھوڑ کر سیوٹا پہنچا تھا تاکہ بہتر مستقبل بنا سکے، لیکن وہاں پہنچ کر اسے شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

‘ہم ترقی کرنے آئے تھے، دھوکا کھانے نہیں۔ میں نے سوچا تھا کہ وہاں بہتر زندگی ملے گی، لیکن سیوٹا پہنچ کر سب کچھ مختلف نکلا۔’

ابراہیم کے مطابق وہ 3 دن تک صرف پانی پی کر زندہ رہا کیونکہ اسپین کی جانب خوراک انتہائی مہنگی تھی۔ اس نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹونا سینڈوچ 100 مراکشی درہم میں فروخت ہو رہا تھا۔

سیوٹا کے مقابل واقع مراکش کے سرحدی شہر فنیدق میں سرحد کی جانب جانے والی سڑکیں تقریباً سنسان نظر آئیں، حالانکہ جمعرات کو یہاں ہزاروں افراد جمع تھے۔

واپس آنے والے تارکین وطن نے بتایا کہ سیوٹا میں بیشتر دکانیں اور سپر مارکیٹیں بند تھیں، جس کی وجہ سے انہیں خوراک اور پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وہ بھیگے ہوئے کپڑوں کے ساتھ سڑکوں پر وقت گزارتے رہے۔

مزید پڑھیں: سیوٹا مہاجر بحران: اٹلی نے اسپین سے سرحد بند کر دی، فرانس نے بھی نگرانی سخت کردی

 مراکش کی طنجہ میڈ بندرگاہ پر ملازم ایک شخص کے مطابق سیوٹا کسی جیل کی طرح تھا، وہاں کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا، ہر چیز بند تھی۔

بعض تارکین وطن نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ سیوٹا کے مراکشی اکثریتی علاقے ‘ال پرنسیپے’ کے بعض رہائشیوں نے انہیں دھمکایا یا وہاں سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

مراکش سے تعلق رکھنے والے ویٹر یاسین اچو نے دعویٰ کیا کہ ال پرنسیپے میں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہاں سے بھگا دیا گیا۔

دوسری جانب اسپین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ چاقو سے حملے کے 2 الگ الگ واقعات میں 2 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق جمعرات سے اب تک چاقو کے حملوں میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

فنیدق کے ایک ہوٹل کے ملازم راشد نے بتایا کہ تارکین وطن کی بڑی آمد کے دوران ہوٹل کے کچن کا تمام عملہ سیوٹا چلا گیا تھا اور اب تک واپس نہیں آیا، جس کے باعث انتظامیہ کو نئے ملازمین کی تلاش کرنا پڑ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: غیر قانونی ہجرت کے خلاف بڑا اقدام، 22 یورپین ممالک کا سخت بارڈر پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ

ادھر سیوٹا میں حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کئی کیفے دوبارہ کھل گئے ہیں اور شہری معمول کی سرگرمیوں کی جانب لوٹ رہے ہیں، تاہم بیشتر دکانیں اب بھی بند ہیں جبکہ سڑکوں پر پولیس کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

شہر کے وسط میں 2 کیفوں کی شریک مالک 24 سالہ مرینا کستانیو نے کہا کہ انہوں نے کاروبار دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ زندگی کو معمول پر آنا چاہیے، لیکن عملے اور اپنی حفاظت ان کی پہلی ترجیح ہے۔

ایک امدادی کارکن نے بتایا کہ تارکین وطن کے استقبالیہ مرکز میں گنجائش مکمل ہو چکی ہے اور مزید افراد کو رکھنے کی جگہ نہیں، جبکہ ان کے اندازے کے مطابق اب بھی ہزاروں تارکین وطن سیوٹا میں موجود ہیں۔

شہر میں ہارڈویئر کی دکان چلانے والے ٹیٹو نے کہا کہ اچانک اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد سے مقامی آبادی خوفزدہ ضرور ہوئی، لیکن انہیں ان نوجوانوں پر ترس بھی آتا ہے۔

‘ان نوجوانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے، انہیں سیاسی سودے بازی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔’

دریں اثنا سوڈان سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ محمد احمد نے بتایا کہ ایک ٹرک انہیں اور دیگر تارکین وطن کو سرحد کے قریب چھوڑ گیا، جس کے بعد وہ 4 گھنٹے تک تیر کر سیوٹا پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس انہیں تارکین وطن کے مرکز تک جانے والے راستے پر روک رہی ہے، تاہم وہ اسپین چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

‘میں واپس نہیں جاؤں گا، یہاں کوشش کرتے ہوئے مر جانا بھی قبول ہے۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر حسین ڈار نے ووٹ کاسٹ کر دیا

راولاکوٹ کے عوام محب وطن ہیں، آئیں مذاکرات سے مسئلہ حل کریں، امیر مقام

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا نوجوانوں کو عالمی قیادت کے لیے آگے بڑھنے کا پیغام

مون سون سسٹم سرگرم، سندھ سمیت ملک بھر میں موسلادھار بارشوں اور شہری سیلاب کا الرٹ

میر واعظ عمر فاروق کا کالعدم ایکشن کمیٹی کو آئینہ دکھا دیا، کشمیری مہاجرین کی آئینی حیثیت تسلیم کرنے کا مطالبہ

ویڈیو

مون سون سسٹم سرگرم، سندھ سمیت ملک بھر میں موسلادھار بارشوں اور شہری سیلاب کا الرٹ

امریکا کی مغربی ریاستوں میں شدید گرمی، جنگلاتی آگ کے خطرات میں اضافہ

امریکا اور ایران میں سفارتی سرگرمیاں تیز، ٹرمپ نے حملہ روکنے کا عندیہ دیدیا

کالم / تجزیہ

جاوید میانداد کی ایک ناقابل فراموش اننگز کا تذکرہ

غزہ کے بچوں کی دلدوز شاعری   

پاکستان کویت شراکت داری کا نیا دور