ضلع خیبر کا کنٹرول پشاور پولیس کے حوالے، حالات معمول پر آنے لگے

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پشاور پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا ہے، جبکہ مظاہروں میں ملوث 50 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں اہم شاہراہیں کھول دی گئی ہیں اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس معمول کے مطابق بحال ہے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور ملحقہ علاقوں میں پشاور پولیس کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

پشاور پولیس کے مطابق، پولیس کے تازہ دم دستے ضلع خیبر پہنچ گئے ہیں اور کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ دستے ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے پشاور: باڑہ میں صورتحال مکمل قابو میں، 50 سے زائد شرپسند گرفتار، دہشتگردی کے مقدمات درج

پولیس حکام نے بتایا کہ باڑہ اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پشاور پولیس، خیبر پولیس کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرے گی۔

حکام کے مطابق، احتجاج کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے، شاہراہیں بند کرنے اور عوامی زندگی مفلوج کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ امن و امان خراب کرنے یا پرتشدد احتجاج میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ضلع خیبر میں اب تک کتنے افراد گرفتار ہوئے؟

پولیس حکام کے مطابق، ضلع خیبر میں پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر نکل کر سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک 50 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی، پی ٹی آئی قیادت نے کوئی احتجاج یا مزاحمت کیوں نہ کی؟

حکام کے مطابق، پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ان کی سرگرمیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔ حکومت نے امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

پشاور میں اہم شاہراہیں کھول دی گئیں

پشاور میں سیکیورٹی کے پیش نظر کیے گئے حفاظتی اقدامات اور پابندیوں میں نرمی کے بعد شہر میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے لگے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق، شہر کی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، جبکہ بی آر ٹی سروس بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔ جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ اور دیگر اہم سڑکوں پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp