ترجمان کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کہا ہے کہ باڑہ میں صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور عوام بے بنیاد افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں۔ باڑہ میں کسی بھی پولیس اہلکار کے اغواء ہونے کی اطلاعات سراسر بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔
ترجمان کے مطابق، چند شرپسند عناصر نے علاقے میں بدامنی پھیلانے کی ناپاک کوشش کی تھی، جس پر پولیس نے فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے 50 کے قریب شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے سخت کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی ایکٹ (ATA) کے تحت 4 مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ ملوث باقی تمام افراد کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی، پی ٹی آئی قیادت نے کوئی احتجاج یا مزاحمت کیوں نہ کی؟
گرفتار ہونے والے افراد نے اپنے غیر قانونی اقدامات پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے دیگر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔
گرفتار شدگان کا کہنا ہے کہ نام نہاد رہنماؤں نے انہیں دھوکہ دیا، جس کے نتیجے میں اب وہ سنگین ایف آئی آرز میں نامزد ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگنے کے باوجود پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے احتجاج سے انکار کیوں کیا؟
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، امن و امان خراب کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ اور پولیس کا عزم ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔














