نہار منہ زیتون کا تیل پینا کیا واقعی بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مددگار ہوتا ہے؟

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی تحقیق میں کھانے سے پہلے زیتون کا تیل استعمال کرنے کے ممکنہ فوائد سامنے آئے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی انسانی جسم پر اس کے اثرات کے متعلق مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زیتون کا تیل اور ہڈیوں کا سوپ: کیا سوشل میڈیا پر وائرل غذائیں واقعی مؤثر ہیں؟

سوشل میڈیا پر ان دنوں صبح نہار منہ زیتون کا تیل پینے کا رجحان تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ بعض افراد اسے جلد کی چمک، بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے کا قدرتی طریقہ قرار دیتے ہیں، تاہم ان دعوؤں کے حق میں ٹھوس سائنسی شواہد موجود نہیں۔ البتہ ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس والی غذا کھانے سے پہلے زیتون کا تیل استعمال کرنے سے خون میں شوگر کی سطح اچانک بڑھنے کے عمل کو سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

طبی جریدے ’ڈائبیٹس‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ کاربوہائیڈریٹس استعمال کرنے سے پہلے زیتون کا تیل کھانے سے بعض ہارمونز اور اعصابی نظام کے ذریعے معدے کے ہاضمے کا عمل سست ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں خون میں گلوکوز بتدریج شامل ہوتا ہے۔

تاہم یہ بات اہم ہے کہ یہ تحقیق چوہوں پر کی گئی تھی اس لیے اس کے نتائج کو براہ راست انسانوں پر لاگو نہیں کیا جاسکتا۔

زیتون کا تیل شوگر میں اچانک اضافے کو کیسے روک سکتا ہے؟

تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے چوہوں کو گلوکوز دینے سے 15 منٹ پہلے زیتون کا تیل استعمال کروایا۔ اس کے بعد ان کے خون میں شوگر کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔

چوہوں کے ایک دوسرے گروپ کو گلوکوز دینے سے پہلے پانی پلایا گیا جبکہ تیسرے گروپ کو گلوکوز دینے کے بعد زیتون کا تیل دیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں کو گلوکوز سے پہلے زیتون کا تیل دیا گیا تھا، ان میں خون میں شوگر کی سطح نسبتاً کم بڑھی اور معدے سے خوراک کے چھوٹی آنت میں منتقل ہونے کا عمل بھی سست ہوگیا۔

یہ اثر ٹائپ ٹو ذیابیطس اور انسولین کی شدید کمی کا شکار چوہوں میں بھی دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں: زیتون کا تیل، قدرت کا انمول تحفہ

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ زیتون کا تیل استعمال کرنے والے چوہوں میں آنتوں اور ہارمونز سے متعلق بعض مادوں جن میں گلوکاگون، جی آئی پی اور جی ایل پی ون شامل ہیں کی سطح میں نسبتاً جلد اور نمایاں اضافہ ہوا۔

یہ تبدیلیاں غذا استعمال کرنے کے 15 سے 30 منٹ کے اندر سامنے آئیں۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی میں شعبہ طب کے پروفیسر ڈاکٹر ڈائسکے یابے کے مطابق غذائی اجزا کے آنتوں تک پہنچنے کی ترتیب ہارمونز اور اعصابی نظام کے درمیان ایک مربوط ردعمل پیدا کرسکتی ہے، جو معدے سے گلوکوز کے چھوٹی آنت میں منتقل ہونے کی رفتار تبدیل کردیتا ہے۔

اس عمل سے شوگر ایک ہی وقت میں بڑی مقدار میں خون میں شامل ہونے کے بجائے بتدریج جذب ہوتی ہے جس سے کھانے کے بعد خون میں شوگر کی سطح اچانک بڑھنے کا امکان کم ہوسکتا ہے۔

کیا انسانوں میں بھی یہی اثرات دیکھے گئے ہیں؟

اگرچہ نئی تحقیق چوہوں پر کی گئی ہے لیکن اس سے پہلے انسانوں پر ہونے والی بعض چھوٹی تحقیقات میں بھی اسی نوعیت کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔

ماہر غذائیت جینیفر پیلیئن کے مطابق ٹائپ ٹو ذیابیطس کے شکار 6 مردوں پر کی گئی ایک مختصر تحقیق میں انہیں کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور کھانے سے 30 منٹ پہلے 30 ملی لیٹر زیتون کا تیل دیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پانی استعمال کرنے یا کھانے کے ساتھ زیتون کا تیل لینے کے مقابلے میں پہلے تیل استعمال کرنے سے معدے کے خالی ہونے کا عمل سست ہوا، خون میں گلوکوز کی سطح میں اضافے کا عمل تاخیر سے شروع ہوا اور جی ایل پی ون ہارمون کی مقدار میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیے: جوان اور شاداب جلد کے لیے کیا کھائیں؟ جانیے ایسی غذائیں جو جھریاں کم کرتی ہیں

ایک دوسری چھوٹی تحقیق میں بھی دیکھا گیا کہ چاول کھانے سے پہلے مچھلی یا گوشت استعمال کرنے سے معدے کے خالی ہونے کا عمل سست اور خون میں شوگر کے ردعمل میں بہتری آسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف یہ بات اہم نہیں کہ ہم کیا کھاتے ہیں بلکہ یہ بھی اہم ہوسکتا ہے کہ مختلف غذائیں کس ترتیب سے استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق کی اہم حدود اور احتیاطیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج کو ذیابیطس کے علاج یا بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کا ثابت شدہ طریقہ نہیں سمجھنا چاہیے۔

ماہر غذائیت جینیفر پیلیئن کے مطابق چوہوں پر ہونے والی تحقیق کے نتائج لازماً انسانوں میں بھی یکساں نہیں ہوتے کیونکہ دونوں کے نظام ہاضمہ اور میٹابولزم میں فرق موجود ہے۔

اسی طرح خون میں شوگر کی سطح میں ابتدائی اضافے کا کم ہونا اس بات کا ثبوت نہیں کہ انسولین کے خلاف جسم کی مزاحمت ختم ہوگئی ہے یا ذیابیطس پر طویل مدتی قابو حاصل ہوگیا ہے۔

ماہر امراض معدہ ڈاکٹر ایڈمنڈو روڈریگز فریاس کے مطابق اس تحقیق سے یہ بھی ثابت نہیں ہوتا کہ زیتون کا تیل استعمال کرنے سے طویل عرصے میں شوگر کی اوسط سطح، وزن، دل کی صحت یا ذیابیطس کی ادویات کی ضرورت پر کوئی مستقل اثر پڑتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تحقیق میں چوہوں کو زیتون کے تیل کی جو مقدار دی گئی وہ عام انسانی خوراک کے مقابلے میں خاصی زیادہ تھی اس لیے روزمرہ زندگی میں کم مقدار استعمال کرنے والے افراد پر اس کے اثرات کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیے: امریکا میں بھی صحت مند غذا صرف خواب، شہریوں کی پلیٹ میں جنک فوڈ کا راج

ماہر غذائیت نوح پراسما کے مطابق معدے سے خوراک کی منتقلی سست ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جسم گلوکوز کم جذب کرے گا بلکہ ممکن ہے کہ خون میں شوگر کی سطح بعد میں بڑھے، جس کا اندازہ لگانا مشکل ہوسکتا ہے۔

کیا صبح نہار منہ زیتون کا تیل پینے کے نقصانات بھی ہیں؟

سوشل میڈیا پر زیتون کے تیل کے ایک یا دو چمچ میں لیموں کا رس، کالی مرچ یا ہلدی ملا کر پینے کا رجحان بھی مقبول ہورہا ہے لیکن اس مخصوص طریقے کے صحت پر اثرات کے متعلق سائنسی شواہد محدود ہیں۔

ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل کے ایسے شاٹس کے ممکنہ نقصانات پر براہِ راست تحقیق بھی بہت کم ہوئی ہے تاہم اس میں شامل بعض اجزا مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔

مثلاً لیموں کا رس تیزابی ہوتا ہے اور اسے بار بار استعمال کرنے سے دانتوں کی بیرونی حفاظتی تہہ یعنی انیمل متاثر ہوسکتی ہے۔ تیزابی مشروبات اور پھلوں کے رس کا مسلسل استعمال دانتوں کی سطح سے معدنیات ختم ہونے اور وقت کے ساتھ ان کی ساخت کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر روڈریگز فریاس کے مطابق لیموں کا رس اور کالی مرچ بعض افراد میں معدے کی تیزابیت اور ریفلوکس کی شکایت بڑھا سکتے ہیں، جبکہ ہلدی بھی بعض لوگوں کے معدے میں بے آرامی پیدا کرسکتی ہے۔

ان کے مطابق زیتون کا تیل خالی پیٹ زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے متلی، پیٹ میں مروڑ، دست یا پہلے سے موجود معدے کی تیزابیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: بھرپور صحت: ہفتے میں یہ نباتاتی غذائیں کھائیں اور دیکھیں اس کا کمال

اس کے علاوہ زیتون کا تیل کیلوریز سے بھرپور ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا ایک کھانے کا چمچ تقریباً 120 کیلوریز فراہم کرتا ہے جن کا تعلق مکمل طور پر چکنائی سے ہوتا ہے۔ اس میں فائبر، پروٹین یا کاربوہائیڈریٹس موجود نہیں ہوتے۔

لہٰذا اگر کوئی شخص اپنی معمول کی خوراک میں اضافی طور پر روزانہ زیتون کے تیل کا ایک شاٹ شامل کرلے اور دوسری غذاؤں کی مقدار کم نہ کرے تو مجموعی کیلوریز بڑھ سکتی ہیں، جو وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔

روزانہ ایک یا 2 چمچ زیتون کا تیل استعمال کرنا کتنا مفید ہے؟

ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ زیتون کا تیل متوازن غذا کا حصہ ہونے کی صورت میں صحت بالخصوص دل کے لیے سے مفید ہوسکتا ہے۔

اس میں مونو اَن سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز، خصوصاً اولیک ایسڈ، وٹامن ای اور پولی فینولز پائے جاتے ہیں، جن میں اینٹی آکسیڈنٹ اور سوزش کم کرنے والی خصوصیات موجود ہیں۔

یہ اجزا کولیسٹرول، بلڈ پریشر، انسولین کی حساسیت، خون میں شوگر کے توازن اور جسمانی سوزش سے متعلق بعض طبی اشاریوں میں بہتری سے منسلک پائے گئے ہیں۔

ڈاکٹر روڈریگز فریاس نے سنہ 2022 میں طبی جریدے ’جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کا حوالہ بھی دیا، جس کے مطابق روزانہ 7 گرام سے زیادہ زیتون کا تیل استعمال کرنے کا تعلق اموات کی شرح میں کمی سے تھا۔

اس تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مکھن، مارجرین یا مایونیز کی جگہ زیتون کا تیل استعمال کرنے سے کسی بھی وجہ سے موت کے خطرے میں 8 سے 34 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیے: ۔الٹرا پراسیسڈ غذاؤں سے بچنے کے آسان طریقے، صحت بخش متبادل کونسے؟

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صرف روزانہ ایک یا دو چمچ زیتون کا تیل استعمال کرنے سے لازماً یہی فوائد حاصل ہوں گے۔

ان کے مطابق بہتر طریقہ یہ ہے کہ زیتون کے تیل کو غیرصحت بخش چکنائیوں کی جگہ خوراک میں شامل کیا جائے نہ کہ معمول کی غذا میں اضافی کیلوریز کے طور پر استعمال کیا جائے۔

بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے لیے اور کون سی غذائیں مفید ہیں؟

ماہرین کے مطابق بلڈ شوگر میں کھانے کے بعد اچانک اضافے کو کم کرنے کے لیے صرف زیتون کے تیل پر انحصار ضروری نہیں۔

لوبیا، دالیں، کم نشاستے والی سبزیاں اور پروٹین و فائبر سے بھرپور نباتاتی غذائیں بھی خون میں شوگر کے توازن کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔

سویا سے بنی غذائیں، مثلاً ٹوفو، ٹیمپے اور ایڈامامے بھی اس حوالے سے مفید ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دانتوں کی صحت کا راز صرف برش نہیں، آپ کی خوراک بھی اہم ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا اور صحت مند غذائی عادات طویل مدتی بلڈ شوگر کنٹرول کے لیے زیادہ اہم ہیں، جبکہ زیتون کے تیل کو کسی فوری علاج یا ذیابیطس کی ادویات کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپیئن شپ 2026 کے شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹیمیں 22 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی

برطانیہ میں گھڑیاں پیچھے، پاکستان سے وقت کا فرق کتنے گھنٹے ہوگا؟

صدرآصف علی زرداری کا دورہ جرمنی، سیمنز کا شعبۂ صحت میں تعاون، مفاہمتی یادداشتوں کے لیے جلد پاکستان آنے کا اعلان

لاہور: بارش اور ژالہ باری، فضائی آلودگی میں قدرے کمی آگئی

مونالیزا تک رسائی بند، احتجاج کے پیش نظر پیرس کے عجائب گھر مقفل، سڑکیں میدان جنگ میں تبدیل

ویڈیو

اسلام آباد میں بارش کے بعد ملک بھر میں کہاں برسات کا امکان ہے؟

عالمی تنازعات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ، معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیر خزانہ

بابر اعظم اور شاداب خان توقعات پر پورے نہیں اتر رہے، شاہین آفریدی بہتر کپتان ہیں، ماجد بھٹی

کالم / تجزیہ

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں

یورپ کی جین زی اتنے غصے میں کیوں ہے؟

باغ جل رہا ہے