اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر پیر تک ٹیسٹ کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ معاونت نہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر طبی معائنے کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ گزشتہ سماعت کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمارے احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایڈووکیٹ جنرل کو کہا تھا کہ ہمارے پچھلے حکم کی تعمیل کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو فوری طلب کرلیا۔ ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کو ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے عدالت کی معاونت نہ کرنے پر آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے معاونت نہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایڈووکیٹ جنرل کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کا عندیہ بھی دیا۔ اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل آج یہاں نہیں ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کا اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر یا ایکسل لیب سے طبی معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، اور سماعت ملتوی کردی۔