عاصم اظہر کے نئے گانے میں ہانیہ عامر کی جھلک، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف گلوکار عاصم اظہر کے نئے میوزک ویڈیو ’آرزو‘ نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی توجہ حاصل کرلی تاہم گانے سے زیادہ اس میں نظر آنے والی ایک شخصیت سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہے۔

عاصم اظہر، جو تیرا وہ پیار، غلط فہمی، جو تو نہ ملا اور رد جیسے مقبول گانوں کی بدولت شہرت رکھتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی خبروں میں ہیں۔ ان کے نئے گانے ’آرزو‘ میں خان، نور اور مدھر ایکس او بھی شامل ہیں۔

گانے کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کے بعض مناظر میں نظر آنے والے ایک سائے اور دوپٹے کو اداکارہ ہانیہ عامر سے جوڑنا شروع کر دیا۔ مداحوں کا دعویٰ ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی شخصیت دراصل ہانیہ عامر ہیں اگرچہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس اشارے کو عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے تعلقات کا ’سافٹ لانچ‘ قرار دیا جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں ایک ساتھ ہیں تو اس بات کا کھل کر اظہار کیوں نہیں کیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا واقعی ہانیہ عامر کی آواز عاصم اظہر کے نئے گانے میں شامل ہے؟ سوشل میڈیا پر سوالات

کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ ویڈیو میں موجود دوپٹہ اور سایہ ہانیہ عامر کی شناخت ظاہر کرنے کے لیے کافی ہیں جبکہ کچھ ناقدین نے اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ بعض صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں شخصیات کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کے باوجود اب تک کسی جانب سے واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب عاصم اظہر اور ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر جاری ان قیاس آرائیوں پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا جس کے باعث مداحوں میں تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ماضی میں بھی اپنے تعلقات کے باعث خبروں کی زینت بن چکے ہیں اور ان سے متعلق کسی بھی نئی پیش رفت پر سوشل میڈیا صارفین کی گہری نظر رہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp