پاکستان ریلوے کا سب سے بڑا منصوبہ، ایم ایل ون: کام کب شروع ہوگا؟

اتوار 16 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ریلوے کے مین لائن ون (ML-1) منصوبے کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام جنوری 2027 میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے ریلوے حکام نے مارکیٹ مشاورت، ٹینڈرنگ اور بولی سے قبل کی تیاریوں کا عمل تیز کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے منصوبے کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کے بعد پاکستان ریلوے نے منصوبے کے پہلے مرحلے سے متعلق مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں اور ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایم ایل ون کی تکمیل کے لیے حکومت نے جاپان سے تعاون بڑھانے کا عندیہ دیا

پاکستان ریلوے نے 8 ستمبر کو آن لائن ابتدائی مارکیٹ انگیجمنٹ سیشن منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں سول ورکس کے مقامی و غیر ملکی ٹھیکیداروں، منصوبہ ڈیزائن کرنے والے ماہرین اور مانیٹرنگ کنسلٹنٹس کو مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں منصوبے کی تیاری، خریداری کے عمل، حکمت عملی، مارچ کے بعد ہونے والی پیشرفت اور پہلے مرحلے سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ حکومت منصوبے کو جلد از جلد عملی شکل دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے اور وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کا کام ہر صورت آئندہ سال جنوری میں شروع ہوجائے۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی مارکیٹ مشاورت، بین الاقوامی ٹینڈرنگ، بولیوں کے عمل، ٹھیکیداروں اور کنسلٹنٹس کی شارٹ لسٹنگ اور معاہدوں کے اجرا میں قریباً 4 سے 5 ماہ لگ سکتے ہیں، تاہم وزارت ریلوے جنوری میں منصوبے کا افتتاح یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک اپ گریڈ ہوگا

ایم ایل ون کے پہلے مرحلے میں کراچی سے روہڑی، سکھر تک قریباً 480 کلومیٹر طویل ریلوے سیکشن کو اپ گریڈ کیا جائےگا۔

منصوبے کے تحت اس روٹ پر اپ اور ڈاؤن دونوں سمتوں میں نئے ٹریک بچھائے جائیں گے، جبکہ ریلوے لائن کے دونوں اطراف باڑ بھی لگائی جائے گی تاکہ لوگوں، جانوروں اور گاڑیوں کی غیر مجاز آمدورفت روکی جاسکے۔

حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل میں قریباً ڈھائی سے 3 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ یہ ریلوے کوریڈور ملک کے مجموعی مسافر ٹریفک کا قریباً 76 فیصد جبکہ مال بردار ٹریفک کا 98 فیصد تک سنبھالتا ہے اور بڑے آبادی والے مراکز اور صنعتی علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔

اربوں ڈالر کا منصوبہ

ایم ایل ون کے پہلے مرحلے پر قریباً 2.5 ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ منصوبے کی مالی معاونت ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے متوقع ہے جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، یورپی سرمایہ کاری بینک، عالمی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک سے شریک مالی معاونت کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔

منصوبے کے مجوزہ دائرہ کار میں کیماڑی، لانڈھی، حیدرآباد، نواب شاہ اور روہڑی کے درمیان مختلف ریلوے سیکشنز پر سول اور ٹریک ورکس شامل ہیں۔

اس کے تحت موجودہ ٹریک کی تعمیر نو، محدود پیمانے پر ری الائنمنٹ، پلوں، پلچوں اور دیگر ڈھانچوں کی تعمیر و بحالی، ریلوے اسٹیشنز، مال بردار ٹرینوں کے یارڈز اور دیگر عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔

منصوبے میں والٹن اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ پورے کوریڈور میں سگنلنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن کا نظام بہتر بنانے اور منصوبہ مینجمنٹ و نگرانی کے لیے کنسلٹنسی سروسز بھی شامل ہیں۔

ٹھیکیداروں اور ماہرین سے مشاورت

پاکستان ریلوے کے مطابق 8 ستمبر کو ہونے والی مشاورت میں منصوبے کے پیکیجز کے حجم اور دائرہ کار، اہلیت کے معیار، مشترکہ منصوبوں کے لیے جوائنٹ وینچر کی شرائط، متعلقہ تجربے، سگنلنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے پیکیجز اور بولیاں تیار کرنے کے لیے درکار وقت پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

اس کے علاوہ تکنیکی اور مالیاتی معیار کی اہمیت، تعمیراتی خطرات کی تقسیم، ریلوے آپریشن جاری رکھتے ہوئے تعمیراتی کام، مقامی صنعت کی شمولیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے والی جدید و ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال پر بھی تجاویز لی جائیں گی۔

پاکستان ریلوے کے ایک عہدیدار کے مطابق کراچی، روہڑی اور روہڑی، ملتان سیکشنز ریلوے کے انتہائی اہم حصے ہیں، جہاں موجودہ بوسیدہ ٹریک کے باعث ٹرین حادثات اور پٹری سے اترنے کے واقعات زیادہ پیش آتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ ٹریک کی بار بار مرمت پر بھاری اخراجات آتے ہیں، اسی وجہ سے ایم ایل ون منصوبے کے آغاز کے لیے کراچی، روہڑی سیکشن کو ترجیح دی گئی ہے۔

عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ حکومتی ترجیحات کے پیش نظر منصوبے پر جنوری میں یا ممکنہ طور پر اس سے بھی پہلے کام شروع ہوسکتا ہے۔ اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد ٹرینوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ایم ایل ون کی تیاریوں کا جائزہ

دریں اثنا ہفتے کو پاکستان ریلوے کے ہیڈکوارٹرز میں ایم ایل ون منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت ریلوے بورڈ کے چیئرمین سید مظہر علی شاہ نے کی۔

اجلاس میں بین الاقوامی ڈیزائن اور ریویو کنسلٹنٹس کے علاوہ ریلوے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کراچی، روہڑی سیکشن کی مجوزہ اپ گریڈیشن، منصوبے کی تیاریوں، اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

سید مظہر علی شاہ نے ایم ایل ون منصوبے کے ریویو مرحلے کو 30 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیشرفت کی ہفتہ وار نگرانی کا حکم دیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹ مشاورت کا دوسرا مرحلہ 8 ستمبر سے شروع ہوگا، جس میں مارکیٹ ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منصوبے کی تیاری، تکنیکی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان ریلوے کے مطابق منصوبے کو مزید مؤثر، جدید اور قابل عمل بنانے کے لیے عالمی سطح کے تجربات، مارکیٹ سے موصول ہونے والی تجاویز اور ماہرین کی آرا کو شامل کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کی تیاری اور عملدرآمد کے تمام مراحل میں میرٹ، شفافیت اور مسابقت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان ریلوے کی ترقی، جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کی بنیاد قرار دیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع کرنے کا اعلان، لاگت 6.66 ارب ڈالر ہوگی

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی اپ گریڈیشن سے ٹرینوں کی رفتار، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پاکستان ریلوے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں منصوبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور اس کے تمام مراحل میں میرٹ، شفافیت اور مسابقت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں، سفیر

نیٹلی بیکر کا دورہ لاہور، پاک امریکا معاشی تعلقات اور مصنوعی ذہانت میں شراکت داری بڑھانے پر زور

یوم آزادی پریڈ میں بگھی کے استعمال پر آئی جی اور چیف کمشنر تنقید کی زد میں، محسن نقوی دفاع میں سامنے آگئے

خیبر پختونخوا کے مزید 4 تاریخی مقامات یونیسکو کی فہرست میں شامل

جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کو جنگ کے باضابطہ خاتمے کے لیے مذاکرات کی پیشکش

ویڈیو

آزاد کشمیر میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، ماضی کی حکومتوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، نواز شریف

آبنائے ہرمز پر ایران کا قبضہ برقرار، عوام مہنگے پیٹرول کے لیے تیار ہوجائیں، صدر ٹرمپ کا امریکیوں کو پیغام

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

کالم / تجزیہ

انکار کا اعزاز

چربیلی آگ پر چل کر سچائی ثابت کرنا

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں