سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز، محسن نقوی کا قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکا کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ نے شرکت کی۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے عشائیے کے دوران محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی, عشائیے میں قومی ٹیم کی انتظامیہ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سری لنکا ٹی 20 ’دنگل‘ کل سے سجے گا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو چت کرنے کے لیے پرعزم

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 11 اکتوبر اور تیسرا میچ 13 اکتوبر کو اسی مقام پر ہوگا۔

سری لنکا کے خلاف سیریز پاکستان کے نئے ٹی20 سیٹ اپ کے تحت کھیلی جائے گی، جس میں صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان نے حال ہی میں ختم ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔

15 رکنی قومی اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ایشین گیمز کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی معمولی فرق سے شکست کے بعد قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کی خواہاں ہے۔

سری لنکا کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹی 20 سیریز: ٹکٹس کی فروخت کا آغاز، راولپنڈی میں کرکٹ شائقین کے لیے رعایت

ٹی 20 سیریز کے لیے مائیک ہیسن قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں، جبکہ شان ٹیٹ، مائیکل اسمتھ اور منصور امجد کوچنگ اسٹاف میں شامل ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا، خواجہ نافع، معاذ صادق، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم پر مشتمل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp