پاک سری لنکا ٹی 20 ’دنگل‘ کل سے سجے گا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو چت کرنے کے لیے پرعزم

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صاحبزادہ فرحان پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر پاکستان ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے جب میزبان ٹیم جمعہ 9 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کا سامنا کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 9 ویں بار ہے کہ وہ دو طرفہ ٹی 20 سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹی 20 سیریز: ٹکٹس کی فروخت کا آغاز، راولپنڈی میں کرکٹ شائقین کے لیے رعایت

دوسرا اور تیسرا ٹی 20  بتاریخ 11 اور 13 اکتوبر کو اسی وینیو پر کھیلا جائے گا اور شام 6 بجے شروع ہوگا۔ ٹاس شام ساڑھے 5 بجے ہوگا۔ تمام تینوں میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے پی ٹی وی اسپورٹس پاکستان میں سیریز نشر کرے گا۔

حال ہی میں ختم ہونے والے ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم نے بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین گھنٹے ٹریننگ کی اور جمعرات کی شام دوبارہ تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

15 رکنی پاکستانی ٹی 20 اسکواڈ میں دو ان کیپڈ کھلاڑی رضاء اللہ اور محمد عمران رندھاوا شامل ہیں جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اسی حریف کے خلاف رواں سال فروری میں آخری بار شرکت کے بعد اپنا پہلا ٹی 20کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیے: ٹی 20 سیریز: سری لنکن کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، پی سی بی حکام کا مہمان ٹیم کا شاندار استقبال

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بولرز میں دوسرے نمبر پر موجود ابرار احمد، رسٹ اسپنرز شاداب خان، سفیان مقیم اور لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس کے ساتھ مضبوط اسپن بولنگ کا حصہ ہوں گے جبکہ صائم ایوب کی آف اسپن بھی اہم ہوگی۔ نسیم کے علاوہ پاکستان کے فاسٹ بولنگ میں محمد سلمان مرزا، رضاء اللہ اور عمران رندھاوا شامل ہیں۔

خواجہ محمد نافع اس سیریز میں وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ بیٹنگ لائن اپ تجربہ کار فخر زمان کی شمولیت سے مضبوط ہوئی ہے۔ معاذ صداقت، کپتان صاحبزادہ اور فارم میں موجود حسن نواز اور عبدالصمد کی جوڑی ٹیم کی بیٹنگ کو مزید مضبوطی دیتی ہے۔

مجموعی طور پر پاکستان اور سری لنکا 30 ٹی 20 میچوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں جن میں پاکستان نے 18 میچ جیتے جبکہ آئی لینڈ نیشن نے 12 میں کامیابی حاصل کی۔ 8 دو طرفہ ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے چار جیتیں جبکہ 3 ڈرا ہوئیں۔ سری لنکا کی پاکستان کے خلاف واحد سیریز جیت 2019 میں لاہور میں آئی جب مہمان ٹیم نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔

سیریز کا افتتاحی میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 250 واں انٹرنیشنل کرکٹ میچ ہوگا۔

، پاکستان ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنا ایک بڑی ذمہ داری اور چیلنج ہے اور میں اپنے مداحوں کے سامنے پہلی بار ایسا کرنے کے لیے یکساں طور پر پرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں نوجوانوں اور تجربے کا اچھا امتزاج ہے۔ سری لنکا کے خلاف یہ ایک دلچسپ سیریز ہونے والی ہے اور ہم شائقین کو محظوظ کرنے کی امید رکھتے ہیں۔

سری لنکا کپتان کوشل مینڈس

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس کہتے ہیں یہ پاکستان میں واپس آ کر اچھا لگ رہا ہے اور ہم اس 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 سیریز: سری لنکن کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، پی سی بی حکام کا مہمان ٹیم کا شاندار استقبال

انہوں نے کہا کہ مقابلہ سخت ہونے کی توقع ہے اور ہم اپنی ٹیم کے لیے نتائج کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

براڈکاسٹ اور ٹکٹس

سیریز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کی جائے گی جبکہ شائقین پی سی بی لائیو ایپ پر بھی ایکشن دیکھ سکتے ہیں۔

ٹیپ میڈ اور تماشا بھی سیریز کے اسٹریمرز میں شامل ہیں۔ پی سی بی لائیو ایپ برطانیہ، شمالی امریکا، کیریبین، یورپ اور افریقہ میں بھی لائیو اسٹریم کرے گی۔

سابق کپتان عامر سہیل، سلمان بٹ اور عروج ممتاز خان، سابق انٹرنیشنل باسط خان کے ساتھ کمنٹری کریں گے جبکہ سری لنکا کے روشن ابے سنگھے بھی کمنٹری ٹیم میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: کوشل مینڈس سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان مقرر، دھننجیا ڈی سلوا قیادت سے دستبردار

شائقین ٹکٹس آن لائن pcb.tcs.com.pk پر بک کر سکتے ہیں یا اسلام آباد اور راولپنڈی میں نو نامزد ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے خرید سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp