گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی حکمنامے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِحال تشویشناک، ایمرجنسی جیسے اقدامات ناگزیر قرار
گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ صوبے کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے، بلکہ اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دہشتگردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
خیبرپختونخوا کے عوام صدارتی اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام دہشت گردی اور انتشار کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی کا اہم پیغام https://t.co/Cld4WA4h2I
— WE News (@WENewsPk) October 11, 2026
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں اور مشترکہ کوششوں اور تجربات سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کے عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشتگردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں 13 سالہ دہشتگردی اور عوام کی قربانیاں
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ گورنر نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔














