اب گاڑیاں فضا میں اڑیں گی؟ ایلون مسک کی ٹیسلا نے دنیا کو حیران کردیا

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے اپنی طویل انتظار کے بعد تیار ہونے والی سپر کار روڈسٹر 2 کا مظاہرہ کیا ہے جس میں گاڑی کو فضا میں بلند ہوتے، قلابازی کھاتے اور بحفاظت زمین پر اترتے دکھایا گیا۔ کمپنی کے سربراہ ایلون مسک کی جانب سے پیش کردہ اس مظاہرے نے جدید گاڑیوں کی ٹیکنالوجی سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹیکساس میں اسپیس ایکس کی راکٹ تیاری اور آزمائش کی تنصیب پر ہونے والے مظاہرے کے دوران روڈسٹر 2 نے ایک بڑے خم دار ریمپ پر الٹی سمت میں سفر کیا، قلابازی کھائی اور چند سیکنڈ تک فضا میں معلق رہنے کے بعد بحفاظت زمین پر اتر گئی۔

گاڑی کی کامیاب لینڈنگ کے بعد ایلون مسک نے کہا، ’اچھا، یہ کام کرگئی‘ ٹیسلا کے نائب صدر برائے انجینئرنگ لارز موراوی نے اس مظاہرے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’اڑنے والی گاڑیاں حقیقت بن چکی ہیں۔‘

رپورٹ کے مطابق مظاہرے میں روڈسٹر 2 کو ٹیسلا کی گاڑیوں کی پوری لائن اپ کے اوپر سے قلابازی کھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا جبکہ گاڑی سائبر ٹرک کے اوپر فضا میں معلق ہونے کے بعد دوبارہ زمین پر اتر گئی۔

یہ بھی پرھیں: کیرالا میں ہاتھی بپھر گیا، مہاوت ہلاک، متعدد گاڑیاں تباہ

ٹیسلا کے مطابق روڈسٹر 2 میں فضا میں بلند ہونے کی صلاحیت اسپیس ایکس کے تیار کردہ تھرسٹرز کی مدد سے ممکن بنائی گئی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق لارز موراوی نے بتایا کہ گاڑی میں 10 تھرسٹرز نصب ہیں جو 600 لیٹر کمپریسڈ ہوا سے منسلک ہیں۔ یہ نظام گاڑی کو فضا میں بلند کرنے اور ہوا میں گھمانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹیسلا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں کمپریسڈ گیس کی مقدار جتنی زیادہ ہوگی اس کے فضا میں رہنے کا دورانیہ بھی اتنا ہی بڑھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’انسٹاگرام لڑکیوں کے لیے ہے‘، ایلون مسک کے طنزیہ بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

کمپنی کے مطابق روڈسٹر 2 صفر سے 60 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف ایک سیکنڈ میں حاصل کرسکتی ہے۔

روڈسٹر 2 کو پہلی مرتبہ 2017 میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس کی تیاری میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔ ٹیسلا نے ابتدا میں گاڑی کی فراہمی 2020 تک شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ایلون مسک کے مطابق اب اس سپر کار کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ تاہم مظاہرے کے باوجود گاڑی فوری طور پر خریداروں کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے ذریعے عالمی نظامِ صحت میں انقلابی تبدیلی کی پیش گوئی کردی

ٹیسلا روڈسٹر 2 کو تین مختلف ورژنز میں پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ پہلا ورژن ’پرفارمنس‘ ہے جسے کمپنی نے سڑک پر چلانے کے لیے تیار قرار دیا ہے۔ اس کی ریزرویشن کے لیے 50 ہزار ڈالر مقرر کیے گئے ہیں۔

دوسرا ورژن ’تھرسٹ‘ ہے جسے ریسنگ کے لیے تیار قرار دیا گیا ہے۔ اس کی ریزرویشن کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔ تیسرا اور سب سے اعلیٰ ورژن ’راکٹ‘ ہے جسے کمپنی نے پرواز کے لیے تیار قرار دیا ہے۔ اس ماڈل کی بکنگ صرف خصوصی دعوت کے ذریعے ممکن ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 100 ملین ڈالرز کے عوض ایلون مسک سے صلح کرلی

روڈسٹر 2 کے مظاہرے نے مستقبل کی گاڑیوں کے حوالے سے دلچسپی بڑھا دی ہے تاہم اس ٹیکنالوجی کی عملی افادیت، حفاظت، قانونی منظوری اور عام سڑکوں پر استعمال کے امکانات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

اگر ٹیسلا اپنے اعلان کردہ منصوبے کے مطابق اس گاڑی کو تجارتی طور پر متعارف کرانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو یہ الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں ایک غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp