گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 23ویں بین الاقوامی ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جہاں چینی کمپنی نے متعدد پاکستانی اداروں سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
یہ 3 روزہ بین الاقوامی نمائش 12 سے 14 مئی تک جاری رہے گی جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے صنعتکار، سرمایہ کار، ٹیکنالوجی ماہرین اور کاروباری برادری شریک ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین فریدون اکرم شیخ نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر کا کامیاب انعقاد اور عالمی کمپنیوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی معیشت اور صنعتی شعبے پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل ایسٹس مارکیٹ کو معیشت کا اہم ستون بنایا جارہا ہے، بلال بن ثاقب
نمائش میں چینی آئی بی آئی گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی، جو 93.5 ارب یوآن مالیت کی بڑی کمپنی ہے، چینی وفد نے پاکستان کی متعدد اہم تنظیموں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
ان معاہدوں میں ہنڈائی ڈیلرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان انجینئرنگ کونسل، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔
فریدون اکرم شیخ نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ منصوبوں، صنعتی تعاون اور مارکیٹ کی توسیع میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی معیشت میں بچت و سرمایہ کاری کا بحران
انہوں نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا صنعتی جدیدیت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی پویلین اور گلگت بلتستان پویلین ہال 1 میں سرمایہ کاروں اور زائرین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں مختلف سرمایہ کاری مواقع اور علاقائی صنعتی صلاحیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: علاقائی غیر یقینی کے باوجود پاکستان کی معیشت سنبھلنے لگی، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد
چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے مطابق پاکستانی صنعتیں تیزی سے جدید اور عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہیں، جبکہ نمائش میں انجینئرنگ، توانائی، مشین ٹولز، سولر ٹیکنالوجی، آئل اینڈ گیس، پلاسٹک، کیمیکل، معدنیات اور جدید صنعتی مشینری سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے جو اقتصادی ترقی، برآمدات اور ٹیکنالوجی کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔














