گن پوائنٹ پر مذاکرات نہیں ہوں گے، ریاست رٹ قائم کرےگی، چیف سیکریٹری اور آئی جی آزاد کشمیر کی پریس کانفرنس

منگل 23 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خوشحال خان اور آئی جی پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ، ریاستی رٹ کے قیام اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام آئینی و قانونی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

چیف سیکریٹری اور آئی جی آزاد کشمیر نے ریاست کی موجودہ صورت حال پر اہم پریس کانفرنس کی اور حقائق سامنے رکھے۔

مزید پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کو دھچکا، راجا امجد کے بعد اہم کور ممبر انجم زمان نے بھی علیحدگی کا اعلان کردیا

چیف سیکریٹری خوشحال خان نے کہاکہ بجلی کا نرخ پونے 3 روپے فی یونٹ ہونے سے سالانہ 8 سے 10 ارب روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے اور بجلی پر بھاری سبسڈی کے باعث حکومتی اخراجات اور مالی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہوا، جبکہ سبسڈی پالیسی کے نتیجے میں حکومتی وسائل پر اضافی بوجھ پڑا۔

انہوں نے کہاکہ آٹے کی قیمت خطے کے دیگر علاقوں سے کم رکھنے کے باعث مارکیٹ میں منفی رجحانات سامنے آنے لگے اور اس مد میں حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کو اپنے دیگر ضروری اخراجات سے کٹوتی کر کے قریباً 20 سے 25 ارب روپے خرچ کرنا پڑے۔

چیف سیکریٹری نے کہاکہ حکومت نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو 12 نشستوں کے معاملے پر متعدد آئینی آپشنز پیش کیے، جن میں آل پارٹیز کانفرنس، قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اور عدالتی راستہ شامل تھا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے مذاکرات کے تمام دروازے کھلے رکھے، تاہم کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات 2 سے بڑھا کر 38 اور بعد ازاں مزید اضافی نکات تک پہنچا دیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر تحمل کی اپیل بھی کی لیکن اسے بھی نظر انداز کر دیا گیا۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما خوفزدہ ہیں اور ہلاکتوں اور تشدد پر مبنی اپنی تحریک کے نتائج کا سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی بلیک میلنگ دفن ہو چکی ہے اور اب پرامن، مہذب اور منطقی بات چیت کا دور شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت پر ہلاکتوں اور تشدد کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور اب قانونی کارروائی کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تنظیم کی قیادت مذاکرات اور ثالثی کے عمل پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ناکامی کے خوف سے آپس میں ہی الجھ گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی قانون کی گرفت اور سزا سے بچنے کے لیے معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانے کی مجرمانہ اور بزدلانہ حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔

چیف سیکریٹری نے کہاکہ سڑکوں کی بندش اور پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ کئی شاہراہوں پر درخت کاٹ کر راستے بند کیے گئے، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح تمام راستے کھلوانا ہے تاکہ ضروری اشیا کی ترسیل متاثر نہ ہو، کیونکہ بندشوں کے باعث لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں سامان لے جانے والے ٹرکوں کو روکنے اور جلانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ راولاکوٹ میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک ہائی جیک کرنے کی کوشش کی گئی جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بنا دیا۔

چیف سیکریٹری نے کہاکہ آزاد کشمیر میں آٹے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی پاکستان کے دیگر حصوں سے زیادہ ہے اور اس حوالے سے انہوں نے آٹے اور بجلی کے نرخوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بیرون ملک کارکن پاکستان اور پاک فوج مخالف نعرے لگا رہے ہیں اور ہندوستان سے مدد مانگ رہے ہیں۔ پاکستانی سفارت خانوں کے سامنے احتجاج اور مخالف نعرے بازی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریاست عوام کے حقوق کا تحفظ پہلے بھی کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، امن و استحکام کے لیے تمام آئینی و قانونی اقدامات جاری رہیں گے اور گن پوائنٹ پر کبھی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ شرپسند عناصر عوام کو گمراہ کر کے استعمال کر رہے ہیں اور ان کے بعض رہنما ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر کارفرما ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں گے۔

ریاست مخالف سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گے، آئی جی آزاد کشمیر

اس موقع پر آئی جی پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ 5 جون کو ایک چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے افراد نے گاڑی سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تنظیم کا ایک رکن جاں بحق، اس کا سرغنہ عمر نذیر زخمی جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ بات واضح ہوئی کہ گاڑی کے ڈرائیور کو گردن کے پچھلے حصے میں گولی لگی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پیچھے بیٹھے کارندے کی فائرنگ کے دوران براہِ راست یا بالواسطہ گولی ڈرائیور کو لگی، تاہم اس کا الزام ریاست پر عائد کیا گیا۔

آئی جی پولیس نے کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے افراد نے سی ایم ایچ پر حملہ کیا، سیکیورٹی پر تعینات 3 پولیس اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کیا اور انہیں چھریوں کے وار کر کے شہید کر دیا، جبکہ مریضوں اور طبی عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ اسپتال کو حملہ آوروں سے خالی کرانے کے بعد فلیگ مارچ کے دوران بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی گئی۔ ریاست مخالف سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ریاستی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی۔

آئی جی پولیس نے مزید کہاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہی ہے اور برقعوں میں ہتھیار چھپانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

مزید پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات تسلیم کیے، پاکستان سے وفاداری کی آئینی شق ختم کرنے کا مطالبہ قابل قبول نہیں، امیر مقام

انہوں نے کہاکہ ریاست کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے سرغنوں کی جانب سے ریاستی ملازمین اور فوجی جوانوں کو بغاوت پر اکسانے کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لانگ مارچ نہیں بلکہ منظم لشکر کشی ہے۔ آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ ریاست کی جانب سے غیر مشروط طور پر سرنڈر کرنے والوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مصنوعی ذہانت اب بھکاریوں کے پیٹ پر بھی لات مارے گی؟ ری چارجنگ کو ترستے روبوٹ نے سڑک پر ہاتھ پھیلا دیے

سنگاپور : بزرگ خاتون کے کچرے سے بھرے فلیٹ سے ہزاروں ڈالرز کے سکے اور سونا برآمد

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت: ایران کا پاکستان کے کردار کا باضابطہ اعتراف، صدر مسعود پزشکیان کا دورہ نہایت اہم

افغانستان: طاقت، وسائل اور عہدوں پر قندھاری قیادت کی اجارہ داری، طالبان حکومت کے خلاف نئی رپورٹ نے ہلچل مچا دی

نجی تصاویر وائرل ہونے سے عائشہ عمر کی زندگی کس طرح متاثر ہوئی؟

ویڈیو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، صدر، وزیراعظم نے استقبال کیا، 21 توپوں کی سلامی، گارڈ آف آنر پیش

پاکستان نے ایران امریکا مفاہمت میں تاریخی کردار ادا کیا، یہ بڑی سفارتی کامیابی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ڈرگ روڈ کا نام ’شارع فیصل‘ کیوں رکھا گیا، تاریخی اہمیت کیا ہے؟

کالم / تجزیہ

بلوچستان: فیصلہ یہیں ہوگا

جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا

پاکستانی ’انا‘، ایک خاموش وبا