جاپان: امریکی میرین اہلکار کے ہاتھوں خاتون کے قتل کا معاملہ: فوجی اڈے میں کرفیو اور شراب نوشی پر پابندی عائد

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی میرین کی جانب سے ایک خاتون کے مبینہ قتل کے بعد اوکیناوا میں امریکی افواج پر بدھ کے روز 48 گھنٹے کے لیے شراب نوشی پر پابندی اور 30 روزہ کرفیو عائد کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان: امریکی فوجی جاپانی خاتون کے قتل کے شبہے میں گرفتار

اس کیس نے جاپان میں غم و غصے کو جنم دیا ہے جہاں امریکی افواج سے متعلق کسی بھی جرم نے طویل عرصے سے فوجیوں کی موجودگی پر تنقید کو ہوا دی ہے۔

اوکیناوا کے گورنر گینتا کوجا جہاں جاپان میں تعینات 54,000 امریکی فوجی اہلکاروں کی اکثریت مقیم ہے نے بدھ کے روز ٹوکیو میں وزیر اعظم ثنا تاکائیچی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جزیرے پر بیس سے متعلق بوجھ کو کم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار ڈکیتی اور قتل کی واردات نے مقامی رہائشیوں کو بہت زیادہ صدمہ پہنچایا ہے اور درخواست کی کہ اس مسئلے پر بات چیت کے لیے جلد ایک کمیٹی بلائی جائے۔

اس سے قبل اوکیناوا ایریا کوآرڈینیٹر اور تھری میرین ایکسپڈیشنری فورس کے کمانڈنگ جنرل بینجمن ٹی واٹسن نے بدھ سے شروع ہونے والے بیس کے اندر یا باہر شراب نوشی پر مکمل پابندی کا اعلان کیا۔

واٹسن نے کہا کہ 48 گھنٹے کا یہ دورانیہ جسے آپریشنل وقفہ قرار دیا گیا کمانڈروں کو تمام سروس ممبران کے ساتھ معیار، نظم و ضبط، اور اوکیناوا کمیونٹی کے ارکان کے طور پر ہماری ذمہ داریوں پر تربیت دینے کا وقت دے گا۔

مزید پڑھیے: امریکا اور ڈنمارک کا گرین لینڈ میں امریکی فوجی موجودگی بڑھانے پر اتفاق، ٹرمپ کا دعویٰ

واٹسن نے منگل کی رات ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اس دوران آپریشنز بند رہیں گے اور ہم بیس سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اوکیناوا میں سب سے سینیئر امریکی فوجی شخصیت لیفٹیننٹ جنرل نے جمعے سے شروع ہونے والے 30 روزہ غور و فکر کے دور کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مدت کے دوران ہم کرفیو نافذ کریں گے جس میں تمام اہلکاروں کے لیے رات 12 بجے تک بیس سے باہر رہنے کی اجازت ختم ہو جائے گی یعنی آپ کو آدھی رات سے صبح 5 بجے تک بیس میں اپنے کوارٹر لوٹنا ہوگا یا پھر بیس سے باہر اپنی رہائشگاہ پر واپس آنا ہوگا۔

پولیس نے اتوار کو کہا کہ اوکیناوا میں تعینات ایک امریکی میرین کو ناہا شہر کے ایک ہوٹل میں 39 سالہ خاتون کو قتل کرنے اور اس کا بٹوہ چوری کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور میرین الزامات سے انکار کر رہا ہے۔

امریکا کے جاپان میں تقریباً 54,000 فوجی اہلکار تعینات ہیں جن میں سے زیادہ تر اوکیناوا میں ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی فوجیوں کے مردانہ ہارمونز چیک کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟

امریکی اہلکاروں کی جانب سے کیے جانے والے جرائم قریبی سیکیورٹی اتحادیوں کے درمیان تعلقات میں کانٹا بنے ہوئے ہیں۔

کو جا جنہوں نے گزشتہ ماہ گورنر کا انتخاب جیتا تھا 12 سال میں اوکیناوا کے پہلے رہنما ہیں جنہوں نے امریکی فوجی اڈے کی متنازعہ منتقلی کے منصوبے کی منظوری دی۔

مرکزی حکومت کا منصوبہ امریکی میرین کور کے فوٹینما ایئر بیس کو اوکیناوا کے مرکزی جزیرے پر ہی رکھنا ہے لیکن اسے کم آبادی والے مقام پر منتقل کرنا ہے۔

بدھ کے روز کوجا نے ٹوکیو میں وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی سے بھی ملاقات کی جہاں انہوں نے کہا کہ قتل کے کیس نے اوکیناوا کے رہائشیوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی فوجی سازوسامان واپس لے سکتے ہیں، ٹرمپ

انہوں نے کوئزومی سے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہر بار جب کوئی واقعہ پیش آیا تو امریکی فوج سے دوبارہ ایسا نہ ہونے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن یہ حقیقت کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش آیا ہے ہمیں اس نتیجے پر مجبور کرتی ہے کہ امریکی افواج کے اندر نظم و ضبط اور ان کی انسانی حقوق کی تعلیم بالکل کام نہیں کر رہی۔

کوئزومی نے کہا کہ وہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کو کیسے نافذ کیا جائے اس بارے میں امریکا کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔

گزشتہ سال ایک جاپانی عدالت نے 20 سالہ خاتون کا گلا گھونٹنے اور اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کے الزام میں ایک امریکی میرین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

سنہ 2017 میں ایک سابق امریکی میرین اور سویلین فوجی اڈے کے کارکن کو اوکیناوا میں ایک مقامی خاتون کے ساتھ زیادتی اور قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: روس ایران کو امریکی فوجی تنصیبات کی معلومات فراہم کر رہا ہے، امریکی میڈیا چیخ اٹھا

اسی سال امریکی افواج جاپان نے تمام اہلکاروں پر شراب نوشی پر پابندی لگا دی تھی جب ایک نشے میں دھت امریکی میرین نے اپنی گاڑی ایک منی ٹرک سے ٹکرا دی تھی جس سے اس کا 61 سالہ مقامی ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp